_پروازوں کی منسوخی پر ترجمان پی آئی اے کی وضاحت

جمعرات 26 اکتوبر 2023 19:00

/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2023ء) ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائنز کا گزشتہ 2 ہفتوں سے معمول کا آپریشن معطل ہے جبکہ یومیہ بنیاد پر پروازیں شیڈول کی جا رہی ہیں، ایندھن کی مقدار میں دستیابی کو مد نظر رکھ کر پروازیں چلائی جا رہی ہے، صرف وہ پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں جن کیلئے ایندھن کی فراہمی یقینی ہوتی ہے۔

وضاحتی بیان میں پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں یہ کہنا درست نہیں، قومی ایئرلائنز کی جانب سے پی ایس او کو ایندھن فراہمی کیلئے پیشگی ادائیگی کی جاتی ہے، انتظامیہ اپنے ذرائع سے کچھ فنڈز کے حصول کیلئے کوشاں ہے، فنڈز دستیاب ہوتے ہی پی آئی اے معمول کی پروازیں چلانا شروع کر دے گی۔

(جاری ہے)

قومی ایئرلائنز کے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے نے اپنا بین الاقوامی آپریشن بحال رکھنے کیلئے منصوبہ بندی کر رکھی ہے، بین الاقوامی آپریشن میں کینیڈا، ترکی، چین، ملائیشیا اور سعودی عرب کے آپریشن کو ترجیح دی جا رہی ہے تاہم اندرون ملک آپریشن متاثر ضرور ہے مگر اس کی بتدریج بحالی کی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ان کی مطلوبہ پروازوں کے متعلق پی آئی اے کال سینٹر کے ذریعے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، آپریشن متاثر ہونے سے مسافروں کو درپیش مشکلات اور زحمت کیلئے معذرت خواہ ہیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں