کراچی ،شاہراہ پاکستان پر دن دہاڑے ڈاکوں کی فلمی انداز میں واردات

دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے نہایت سرعت کے ساتھ 4 شہریوں سے لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے

پیر 27 جنوری 2020 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) شہر قائد کی مصروف سڑک پر دن دہاڑے فلمی انداز میں واردات نے لوگوں کو حیران کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہراہ پاکستان پر ہونے والی ڈاکوں کی فلمی انداز میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرا ٓگئی ہے ۔دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے نہایت سرعت کے ساتھ 4 شہریوں سے لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے۔

فوٹیج کے مطابق شاہراہ پاکستان پر شہری کار پارک کر کے نیچے اترے، عین اسی لمحے ملزمان نے تیز رفتاری سے موٹر سائیکل کار کے سامنے روکی اور ایک مسلح ڈاکو نے اتر کر کار سواروں پر گن تان لی، ذرا دیر بعد دوسری موٹر سائیکل بھی آ کر رکی اور دو مزید ڈاکوں نے اتر کر لوٹ مار کی۔بے خوف ملزمان مصروف شاہراہ پر شہریوں کی جیبوں کی تلاشی لیتے رہے، ملزمان نے شہریوں کے پرس خالی کیے اور فٹ پاتھ پر پھینک دیے، ایک ملزم نے گاڑی کے اندر سے بھی تلاشی لی۔

(جاری ہے)

ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے، چاروں میں سے تین ملزمان نے لوٹ مار میں حصہ لیا جب کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا، واردات کے بعد ملزمان اطمینان کے ساتھ موٹر سائیکلوں پر بیٹھے اور فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق کار میں بھی چار افراد سوار تھے جن میں سے ایک سفید ریش بزرگ بھی تھے، واردات کے آغاز میں دو کار سوار افراد نے خود کو بچانے کی کوشش کی تاہم ڈاکو نے دوڑتے ہوئے ان پر گن تانی اور ان کی جیبیں خالی کرالیں۔خیال رہے کہ کراچی میں سندھ پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز میں نمایاں کمی کے دعوے کئی بار سامنے آ چکے ہیں، دوسری طرف سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ موجودہ پولیس چیف کے دور میں جرائم میں اضافہ ہوا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں