کراچی میں پولیس کے چھاپے، پی ٹی آئی کے کارکنان گرفتار

پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گھروں سے گرفتارکیا گیا،رہنما پی ٹی آئی

منگل 31 مئی 2022 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2022ء) کراچی میں پولیس کریک ڈائون میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں کو گرفتارکرلیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے ٹوئٹ میں کہا کہ کراچی میں ایک بار پھرپولیس گردی شروع ہوگئی ہے۔ ہمارے کارکنوں کے گھروں پرچھاپے مارے جارہے ہیں اورگرفتاریاں ہوئی ہیں۔ سندھ پولیس ہوش کے ناخن لے۔

کبھی کے دن بڑے ہوتے ہیں اورکبھی کی راتیں اس حکومتی غلامی کا حساب دینا پڑے گا تیار رہنا۔ ٹوئٹڑ پر اپنے جاری کردہ پیغام میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ سندھ حکومت کی بزدلانہ کارروائیوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ابھی تو مارچ کا اعلان ہوا بھی نہیں ہے اور زرداری مافیا کی کانپیں ٹانگ گئی ہیں۔

پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ عوام کے محافظ عوام کیلئے روز بروز خطرہ بنتے جارہے ہیں۔کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنان کیخلاف پولیس کا کریک ڈائون ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔ کارکنوں پر پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ عوام کے محافظ عوام کیلئے روز بروز خطرہ بنتے جارہے ہیں، پی ٹی آئی جماعت کیخلاف خاص کریک ڈائون شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس پیپلز پارٹی کی جیالہ فورس بن چکی ہے، جیالی پولیس کا کام دہشتگردوں کو پکڑنا نہیں بلکہ سیاسی انتقام لینا بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے پولیس کو گھر کی لونڈی بنایا ہوا ہے، ناظم جوکھیو، فہمیدہ سیال کے قاتلوں پر سے دہشتگردی کی دفعات ختم کیے جارہے ہیں۔خرم شیر زمان نے کہاکہ پی ٹی آئی سے یہ جتنی نفرت کرتے ہیں عوام اتنا پیار کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے بلدیاتی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی ادا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ادائیں ،غرور، تکبر جلد مٹی ہونے والا ہے، پولیس گردی گرفتاریوں سے نہ گھبرانے والے نہ پیچھے ہٹنے والے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کہ ایسے ہتھکنڈے توہین عدالت کے دائرے میں آتے ہیں۔پی ٹی آئی ورکرز کیخلاف گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز کے گھروں پر چھاپے اور ہراساں کرنا بند کیا جائے، گرفتاریوں سے چلتی ہوئی تحریکیں روکی نہیں جاسکتی۔

سندھ حکومت کی جیالہ فورس نے پی ٹی آئی کو نیزے پر رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، الیکشن کا ماحول ثبوتاژ کرنے کیلئے پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈائون کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس غیر قانونی بے گناہ لوگوں کیخلاف گرفتاریوں پر فوری سوموٹو لیں۔پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدراوررکن اسمبلی راجہ اظہرنے کہا کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق نائب ناظم سرتاج خٹک اورانورگجر کو لائنز ایریا سے گرفتارکیا جبکہ شاہ فیصل کالونی سے پی ٹی آئی کے کارکنوں غلام مصطفی، فیصل قریشی اوراحمرکوان کے گھروں سے حراست میں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس پی ٹی آئی کے کارکنوں پر25 مئی کے واقعے میں ملوث ہونے کا دبائو ڈال رہی ہے۔ راجہ اظہر نے کہا کہ پولیس کے رویئے کی مذمت کرتا ہوں اور متنبہ کرتا ہوں ورکرز کو ان کے گھروں پر واپس چھوڑیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ورکرز کسی سرگرمی میں ملوث ہیں تو پولیس انہیں تھانے لائے اور ان کے جرائم سے آگاہ کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں