پی آئی اے کی متعدد پروازیں ایندھن نہ ہونے کے باعث منسوخ

پی ایس او اور پی آئی اے کے درمیان واجبات کی ادائیگیوں کا تنازع شدت اختیار کرگیا، مسافرپریشان

جمعرات 20 ستمبر 2018 19:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان اسٹیٹ آئل نے واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی فضائی کمپنی کو ایندھن کی فراہم بند کردی جس کے نتیجے میں پی آئی اے کی متعدد پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔پی ایس او اور پی آئی اے کے درمیان واجبات کی ادائیگیوں کا تنازع شدت اختیار کرگیا جس کا نقصان مسافروں کو ہورہا ہے جو پروازیں منسوخ ہونے کے باعث شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

پی آئی اے پر فیول کی مد میں 18 ارب روپے کے واجبات ہیں جس کے باعث پی ایس او نے ایندھن کی فراہمی بند کردی ہے۔ ایندھن کی قلت کے باعث پی آئی اے کی اندرون اور بیرون ممالک جانے والی متعدد پروازیں تاخیرکا شکار اور منسوخ کردی گئی ہیں۔ متعدد مسافر کراچی اور اسلام آباد سے اپنی منزل پر نہ جاسکے۔پی آئی اے کی کراچی سے لاہور پرواز پی کے 316 اور پی کے 368، کراچی سے بہاولپور پی کے 588، کراچی سے عراق پی کے 219 اور کراچی تا اسلام آباد پی کے 307 منسوخ کردی گئی ہیں۔ صورتحال کے باعث مسافر ائیر پورٹ پر سامان کے ساتھ رات گزارنے پر مجبور ہوگئے اور ان کی پی آئی اے کے عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں