کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا

سوئی سدرن گیس کمپنی کا صوبہ بھر کے سی این جی اسٹیشنز غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

منگل 11 دسمبر 2018 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے‘ سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق گیس فیلڈز میں فنی خرابی کے باعث مطلوبہ گیس میسر نہیں ہورہی جبکہ کوئٹہ اور اندرون سندھ میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث بھی گیس کے پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز غیر معینہ مدت کیلئے بند رہیں گے۔ جبکہ پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں بھی سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹے کیلئے بند کردیئے گئے ہیں اس کی وجہ گیس فیلڈز میں فنی خرابی بتائی جارہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ اور اندرون سندھ میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث بھی گیس کی قلت کا سامنا ہے بجلی پید اکرنے والی صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی بند کی جارہی ہے دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندہ سمیع خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کا آئے روز کا ناغہ بند کیا جائے اگر سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہم نہ کی گئی تو احتجاجاً شاہراع فیصل بلاک کردیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں