تحفظ آئین پاکستان جلسہ عام جعلی حکمرانوں کیخلاف آزادی مارچ کارواں کا تسلسل ہے،مولاناعبدالکریم عابد

27 فروری کے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل ، نااہل اور عوام دشمن حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے ، اسلم غوری ، سمیع سواتی اور دیگرکا جے یو آئی کے اجلاس اور سوشل میڈیا ٹیم کے ممبران سے خطاب

منگل 25 فروری 2020 21:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی، مولانا محمد غیاث، سمیع الحق سواتی اور مولانا حماد اللہ شاہ نے کہا ہے کہ27 فروری کو کراچی کا تحفظ آئین پاکستان جلسہ عام جعلی حکمرانوں کیخلاف آزادی مارچ کارواں کا تسلسل ہے، قوم کا معاشی قتل عام کرنے والی حکومت کے پاس مزید مسلط رہنے کا جواز باقی نہیں رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مدنیہ اسلامیہ گلشن اقبال میں 27 فروری کو تحفظ آئین پاکستان جلسہ عام کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلئے انتظامی کمیٹی ، اور جے یوآئی سوشل میڈیا ٹیم سندھ کے ممبران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی کے اضلاع کے امرا ونظما مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا نورالحق، مولانا فتح اللہ، مولانا عبدالرشید نعمانی، قاری فیض الرحمن عابد، مولانا اجمل شاہ شیرازی، زاہد شاہ ہاشمی، مولانا فخرالدین رازی، جمال کاکڑ ،رشید خاکسار، مفتی شفیق مہر ودیگر نے شرکت کی۔

جے یو آئی رہنمائوں نے کہا کہ عوام کی خواہش پر مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اپوزیشن جماعتیں احتجاجی تحریک کے نئے دور کا آغاز سندھ سے کر رہی ہیں ،یہ تحریک جعلی حکومت کے سورج کو غروب کرکے دم لے گی۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ 8 مارچ کو عورت مارچ کے نام پر مظاہرہ وطن عزیز کے نظریاتی تشخص اور اسلامی اقدار پر حملہ تصور ہوگا ہے، جمعیت علما اسلام ایسے مظاہروں کی قطعی اجازت نہیں دے گی ۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جے یوآئی کی جاری سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنان اخلاق و تہذیب کے دائرے میں رہ کر موثر مہم چلارہے ہیں، جمعیت علما اسلام کی سوشل میڈیا ٹیم نے قلیل عرصے میں اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا ہے، ٹیم جے یو آئی نے مخالفین کو دلائل سے شکست دیکر نہتا کیا ہے سوشل میڈیا پر جے یو آئی کی سوشل میڈیا ٹیم فتنوں کا تعقب اور عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے شائستگی کیساتھ اپنی یہ مہم جاری رکھے گی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں