حکومت اپنی ناکامیوں اور نااہلیوں سے نظریں ہٹانے کیلئے بنی گالہ میں بنائی گئی جھوٹی جے آئی ٹی کا ڈرامہ رچا رہی ہے، تیمور تالپور

پنجاب میں860 کے حکومتی ریٹ کی بجائے مارکیٹ میں آٹا 1000 سے زائد کا فروخت ہونا حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے،بیان

جمعرات 9 جولائی 2020 23:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2020ء) صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی ناکامیوں اور نااہلیوں سے نظریں ہٹانے کیلئے بنی گالہ میں بنائی گئی جھوٹی جے آئی ٹی کا ڈرامہ رچا رہی ہے۔ پنجاب میں860 کے حکومتی ریٹ کی بجائے مارکیٹ میں آٹا 1000 سے زائد کا فروخت ہونا حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ حکومت خود ایک کے بعد ایک مصنوعی بحران پیدا کر کے مافیاز کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ اس حکومت کی عمارت جھوٹ پر کھڑی ہے اس لئے ان سے سچ برداشت نہیں ہوتا ، حکمران اپنی گرتی مقبولیت کو بچانے کیلئے ہر دن نیا جھوٹ بولتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مراد سعید سیاسی اختلافات کی آڑ لے کر حساس اداروں پر حملوں سے باز رہیں۔

(جاری ہے)

آئی ایس آئی اور ایم آئی معتبر ادارے ہیں، ان کی تیار کردہ جے آئی ٹی سے متعلق عوام کو گمراہ کرنا درست نہیں۔ ایسے حالات میں جب ملک ایک خطرناک جان لیوا وبا سے لڑ رہا ہے یہ نااہل جھوٹی، سلیکٹڈ وفاقی حکومت اب بھی اپوزیشن کے خلاف پروپیگنڈا کرنے سے باز نہیں آ رہی۔ صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ عمران نیازی تباہی و بربادی اور بحرانوں کا دوسرا نام ہے، یہ عمرانی نہیں بحرانی حکومت ہے، اس حکومت سے چھٹکارے سے ہی بحران ختم ہوں گے، نیازی نے وہ بحران دوبارہ پیدا کر دئے جو گذشتہ دس سالوں میں ختم کر دئے گئے تھے۔

پورے ملک میں بجلی کی گھنٹوں بندش نیازی کی نالائقی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عمران خان کی حکومت میں میڈیا پر قدغنیں لگائی جارہی ہیں اور آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹا جا ریا ہے۔ پیمرا پی ٹی آئی کی زیلی تنظیم بننے سے گریز کرے۔ پیپلز پارٹی اظہار رائے پر قدغنوں کی ہر فورم پر مذمت کرتی ہے اور کرتی رہیگی۔ صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے کی بجائے کورونا کی ٹیسٹنگ کم کر دی ہے، اسپتالوں کو یہ سہولیات فراہم نہیں کر رہے، ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا گیا ہے، غربت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، لیکن یہ لوگ جے آئی ٹی کے پیچھے پڑے ہیں۔

لیکن اب قوم ان کے چہرے پہچان چکی ہے، اب یہ قوم کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں