ٹیکسٹائل سیکٹر کو رعایتی نرخوں پر بجلی فراہمی کے اعلان پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے،حنیف لاکھانی

جمعہ 15 جنوری 2021 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پائما)کے سینئروائس چیئرمین حنیف لاکھانی اور وائس چیئرمین فرحان اشرفی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹرکے لیے رعایتی بجلی ٹیرف سہولت کے اعلان پر عمل درآمدمیں مسلسل تاخیر پر شدیدتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو رعایتی نرخوں پر بجلی فراہمی کے اعلان پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور بجلی کی ڈسٹری بیوٹرز کمپنیوں باالخصوص کے الیکٹرک کو حکومتی نوٹیفیکیشن پرفوری عمل درآمد کا پابند بنانے کے لیے سختی سے ہدایات جاری کی جائیں تاکہ کرونا سے متاثرہ ملکی صنعتوں کو کسی حد تک ریلیف مل سکے اور وہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں۔

(جاری ہے)

پائما کے ایک وفد نے اس ضمن میں سینئروائس چیئرمین حنیف لاکھانی اور وائس چیئرمین فرحان اشرفی کی قیادت میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) مونس علوی سے ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔وفد میں سابق مرکزی چیئرمین پائما خورشید اے شیخ، سینئر ممبر انور عزیز اور عارف لاکھانی شامل تھے جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر عامر ضیاء، چیف فنانشل آفیسر محمد عامر غازیانی، ڈائریکٹر ایکسٹرنل افیئرز اسمر نعیم، ڈائریکٹر نیو کنکشن کامران اختر ہاشمی بھی اجلاس میں شریک تھے۔

پائما کے سینئروائس چیئرمین حنیف لاکھانی اور وائس چیئرمین فرحان اشرفی نے کہاکہ کرونا وبا کی وجہ سے صنعتیں شدید مالی بحران کا شکار ہیں لہٰذا کے الیکٹرک کو حکومتی احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے تاکہ ملکی صنعتوں اور برآمدات کو فروغ دینے کے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی تکمیل کو ممکن بنایا جاسکے۔انہوںنے کاروباری مقام پر ایک سے زائد بجلی کے کنکشن اور بلوں پر نام کی تبدیلی کی بھی درخواست کی۔

کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے پائما کے تحفظات کے جواب میں کہاکہ کے وفاقی حکومت نے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر(ایس ٹی جی او) میں شامل صفر ریٹیڈ ممبرزکو رعایتی ٹیرف سہولت فراہم کرنے کا نوٹیفیکیشن تو جاری کیا ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ کب سے اور کتنی مدت تک یہ سہولت فراہم کی جانی ہے اس حوالے سے کے الیکٹرک نے وفاقی حکومت کو 2خطوط بھی ارسال کیے ہیں جس کی تاحال وضاحت نہیں کی گئی ۔

پائما کے وفد کی جانب سے کاروباری مقام پر ایک سے زائد بجلی کے میٹرز کی تنصیب کے مطالبے پر کے الیکٹرک کے سی ای او نے یہ یقین دہانی کروائی کہ اس ضمن میں پائما کے ممبرز ایسوسی ایشن کے توسط سے رابطہ کرسکتے ہیں تاکہ انہیں ایک سے زائد بجلی کے کنکشن فراہم کیے جاسکیں نیز انہوں نے بجلی بلوں پر نام کی تبدیلی کی سہولت دینے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں