سربراہ بیت المال سندھ جنید لاکھانی کا بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑہتے واقعات پر تشویش کاا ظہار

مہذب معاشروں میں جنسی درندگی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں،ماہم کے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کہ سخت ترین سزا دی جائے،حنید لاکھانی

جمعہ 30 جولائی 2021 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے بچوں کے ساتھ زیادتی اور بد فعلی کے بڑہتے ہوئے واقعات پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے کورنگی میں میں چھ سالہ بچی رات کو گھر سے کھیلتی ہوئی اغوا ہوگئی اور بعد میں کچرا کنڈی سے اس کی لاش ملتی ہے، معصوم ننھی پری کے ساتھ زیادتی کرنے کے بعد اس کوقتل کیا گیاتفتیشی رپورٹ کے مطابق بچی کو ناک اور منہ بند کر کہ سانس روک کر قتل کیا گیا اور زور لگانے سے بچی کی گردن کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی تھی، ایسے درندہ صفت ظالموں کو سخت سے سخت سزاد ی جائے اور عبرت کا ایسا نشان بنا یا جائے تا کہ مستقبل میں کوئی ایسا کرنے سے پہلے اپنے انجام کو یاد رکھے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں، بچوں کے ساتھ زیادتی اور ان کاقتل ایک بہت بڑا قومی جرم ہے وہیں ان معصوم بچوں کے والدین کے احساسات و جذبات کا اندازہ کون لگائے گا اس ماں پر کیا بیتتی ہوگی جس نے اس بچے کو جنم دیا بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام بہت ضروری ہوگئی ہے،سندھ میں غریبوں کی جان مال و عزت غیر محفوظ ہے سندھ پولیس صوبائی وزراء کی غلام بنی ہوئی ہے اور ان کے اشاروں پر چل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ جنسی درندوں کو سرعام لٹکانے کی قراردادنے انسانی حقوق کے بڑے بڑے علمبرداروں کے چہروں سے نقاب نوچ کر پھینک دیئے اس قرارداد کی پیپلز پارٹی نے مخالفت کی، پاکستان میں روز بروز ایسے خوفناک حقائق و واقعات سامنے آتے ہیں جن کو شیطانیت و درندگی کے کھلے مظاہر ے کے سوا کچھ نہیں کہا جا سکتا، زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ ہوس کے پجاریوں نے معصوم بچوں کو بھی نہ چھوڑا، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے ایسے دل دہلا دینے والے واقعات ہورہے ہیں کہ انسانیت ہی شرما جائے، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر ایسے واقعات کی روک تھام کے لیئے کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنے اردگرد مشتبہ افراد پر نظر رکھنی ہوگی اور کسی بھی قسم کی غیر معمولی حرکات کرتے ہوئے کسی کودیکھیں تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کریں تا کہ بروقت قانونی کاروائی سے کوئی نیا سانحہ یا واقعہ نہ ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں