تیز رفتار کار نے موٹرسائیکلوں پر سوار افراد کو روند ڈالا

جمعہ 22 اکتوبر 2021 00:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2021ء) ناظم آباد انکوئری آفس کے قریب تیز رفتار کار نے موٹرسائیکلوں پر سوار افراد کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 4افراد زخمی ہوگئے،تاہم رینجرز نے تعاقب کر کے نشے میں دھت کار کے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رضویہ کے علاقے ناظم آباد نمبر2 انکوئری آفس کے قریب تیز رفتار کار کی ایک ساتھ تین موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماردی، کار ڈرائیور نے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تاہم قریبی موجود رینجرز موبائل نے تعاقب کر کے کار کو روک کر ڈرائیور کو حراست میں اور کار کو قبضے میں لے لیا بعدازاں ڈرائیور اور کار نمبرAGP-698 کو رضویہ پولیس کے حوالے کر دیا ، جبکہ حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ، متوفیہ کی لاش اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں جاں بحق ہونے والی خاتون کا شوہر بھی شامل ہے ، متوفیہ کے شوہر اور ایک زخمی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال میں ادویات اور دیگر سہولیات موجود نہ ہونے کے باعث ایدھی اور پرائیوٹ ایمبولینسوں کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 19 سالہ حبہ دختر سلیم کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 28 سالہ رمیض ولد آفاق ، 20 سالہ طارق ولد نور ، 20 سالہ محمد نعمان ولد اکبر اور 25 سالہ ملک سلطان ولد ولی اعوان شامل ہیں ، رمیض اور طارق کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے ، متوفیہ حبہ ڈینٹل کالج نارتھ ناظم آباد بلاک این کی رہائشی تھی جبکہ زخمی ہونے والا محمد نعمان مکان نمبرB-342بلاک N محلہ پیپلز کالونی نارتھ ناظم آباد کا رہائشی ہے ، پولیس کے مطابق حادثے کا ذمے دار سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار کا ڈرائیور جس نے اپنا نام رضوان بتایا ہے نشے کی حالت میں ہے ، کار سے شراب کی ایک بوتل بھی برآمد کی گئی ہے،پولیس کے مطابق نشے میں دھت کار سوار خود کو صحافی ظاہر کررہاہے کار پرروزنامہ جرم کی پریس کی پلیٹ لگی ہوئی تھی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں