کراچی میں 6 میں سے 5 کنٹونمنٹ بورڈز کی 8 نشستوں پر پولنگ

ْملیر میں تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی اتحاداور کورنگی میں مسلم لیگ(ن)، تحریک انصاف اور ایم کیوایم اتحاد ، جبکہ کلفٹن میں پیپلزپارٹی، فیصل میں تحریک انصاف اور کراچی کنٹونمنٹ میں ایم کیوایم نے میدان مارلیا

بدھ 27 اکتوبر 2021 00:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) کراچی میں 6 میں سے 5 کنٹونمنٹ بورڈز کی 8 نشستوں پر پولنگ میں ملیر میں تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی اتحاداور کورنگی میں مسلم لیگ(ن)، تحریک انصاف اور ایم کیوایم اتحاد ، جبکہ کلفٹن میں پیپلزپارٹی، فیصل میں تحریک انصاف اور کراچی کنٹونمنٹ میں ایم کیوایم نے میدان مارلیا ہے۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کی دونوں مخصوص نشستوں پر ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں ۔ کسان ، مزدور، یوتھ ، خواتین کی نشست پر ایم کیوایم کے سید سلطان علی زیدی 3 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ، جبکہ پیپلزپارٹی کے امتیاز علی شاہ اور پاک سرزمین پارٹی کے دانش شوکت کو ایک ایک ووٹ ملا ۔اقلیت کی نشست پر ایم کیوایم کے ایلی سن بلا مقابلہ پہلے ہی کامیاب ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کی واحد اقلیتی نشست پر تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور جماعت اتحاد کے مشترکہ امیدوار جماعت اسلامی کے ارشد مسیح 6 ووٹ لیکر کامیاب، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار افراہیم مسیح کو 4 ووٹ ملے۔ کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کی مخصوص نشست پر مسلم لیگ(ن)، تحریک انصاف اور ایم کیوایم پاکستان اتحاد کے مشترکہ امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے اشکوک کمار 3 ووٹ لیکر کامیاب ،جبکہ پیپلزپارٹی کے شہزاد گل کو 2 ووٹ ملے۔

3 جماعتی اتحاد کے معاہدے کے مطابق نائب صدر مسلم لیگ (ن)کا ہوگا۔ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی دونوں مخصوص نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں ۔ کسان ، مزدور، یوتھ ، خواتین کی نشست پر محمد شاہد شیخ اور اقلیتی نشست پر آصف کامیاب ہوگئے ہیں ۔ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی دونوں مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔کسان ، مزدور، یوتھ ، خواتین کی نشست پر زرتاج اقبال اور اقلیتی نشست پر کلیم شارون کامیاب ہوئے ہیں ۔ مخصوص نشستوں کے لئے پولنگ منگل کو صبح 8 سے شام 4 بجے تک ریٹرننگ آفیسر ز کے دفاتر میں ہوئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں