عمران خان استعفیٰ دیں ‘دوبارہ انتخابات کروائے جائیں،بچو دیوان

کراچی کے عوام پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، چیئرمین پی ایم اے

بدھ 1 دسمبر 2021 00:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) پاک مسلم الائنس دیوان کے چیئرمین بچو عبدالقادر دیوان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی اور ناتجربہ کاری کے باعث مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیںِ،تجارتی خسارے میں 94فیصد اضافہ لمحہ فکریہ اور موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ عمران خان جب اقتدار میں نہیں تھے تو ترقی یافتہ ممالک کی مختصر کابینہ کی مثالیں دیتے نہیں تھکتے تھے، آج ان کی اپنی کابینہ 50 وزراء سے بڑھ کر ہے۔

جو غریب ملک کے قومی خزانے پر بوجھ ہے۔ پورا ملک ایک نئے بحران کی زد میں نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا کوئی ترجیحی ایجنڈا نظر ہی نہیں آتا۔ کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی پر بھروسہ کیا لیکن آج بھی کراچی میں ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

یہاں پر مسافرجانوروں کی طرح بسوں کی چھتوں میں بیٹھ کر اور بسوں میں لٹک کر سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔

گرین لائن منصوبہ جس کا موجودہ حکمراں دو مرتبہ افتتاح بھی کر چکے ہیں ابھی تک نمائش چورنگی تک ہی تعمیر ہوسکا ہے جبکہ اس روڈ کو ٹاور تک جانا ہے ۔کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔سیوریج کا پورا نظام ناکارہ اور بوسیدہ ہوچکا ہے ۔بلدیہ کراچی سے سولڈ ویسٹ کا محکمہ بھی لے لیا گیا ہے اور سندھ سولڈ ویسٹ کا نام دے کر اس کے وسائل پر قبضہ کر لیا گیا ہے ۔

خرچے پورے ہورہے ہیں لیکن کچرا روز بروز بڑھتا ہی جارہا ہے اور پورا شہر آج کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے ۔کراچی میں فراہمی آب پر مافیا کا قبضہ ہے اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے کراچی کو کربلا بنا دیا گیا ہے ،کراچی کا پانی کراچی کی عوام کو ہی بیچا جا رہا ہے ۔ ملک کے تمام مسائل کا حل شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور ملک میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں