تیئسویں سندھ اوپن گولف چیمپیئن شپ کا آغاز: افتتاحی روز شبیر اقبال سرِ فہرست

دفاعی چیمپیئن اسلام آباد کے شبیر اقبال چھ انڈر پار کے ساتھ لیڈر بورڈ پر سب سے اوپر

ہفتہ 22 جنوری 2022 00:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) سندھ گولف ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام تیئسویں سندھ اوپن گولف چیمپیئن شپ کا پہلا رائونڈ آج پی اے ایف ایئر مین گولف کلب کے خوبصورت کورس پر کھیلا گیا۔ پروفیشنل کیٹگری میں پاکستان بھر سے 41 قومی گولفرز نے حصہ لیا۔ پہلے دن کے اختتام پر اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپیئن شبیر اقبال چھ انڈر پار کے ساتھ لیڈر بورڈ پر سب سے اوپر ہیں۔

ارشد رشید، مطلوب احمد اور محمد نعیم دو انڈر پار کے مشترکہ اسکور کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں۔حال ہی میں گیارہویں رشید ڈی حبیب گولف میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائٹل جینے والے وحید بلوچ پہلے روز خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکتے۔ وحید بلوچ پہلے رائونڈ کے اختتام پر ایک اوور پار کے ساتھ 17ویں پوزیشن پر ہیں۔

(جاری ہے)

سینئر پروفیشنلز کیٹیگری میں طاہر نسیم ایک اوور پار کے ساتھ پہلے دن سب سے آگے رہے۔

محمد اکرم چار اوور پار کے ساتھ ان کا تعاقب کر رہے ہیں۔ جونیئر پروفیشنل میں محمد ثاقب چار اوور پار کے ساتھ چھائے ہوئے ہیں۔ جبکہ عبدل ودود پانچ اوور پار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ایمیچر کیٹیگری میں سلمان جہانگیر نمایاں رہے جبکہ عمر خالد ان کے قریب ترین حریف ہیں۔ صائم شازلی تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ ٹورنامنٹ کے ریفری اور سندھ گولف ایسو سی ایشن کے سیکریٹری کرنل زاہد اقبال نے کہا، "کراچی میں چلنے والے تیز ہوائوں کے جھکڑ کے سبب گولفرز کو کڑے دن کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم تجربہ کار گولفرز نے اپنی مہارت اور ذہانت سے بہترین کھیل پیش کیا"۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں سمندر کے بالکل قریب واقع ایئر مین گولف کلب کا سبزہ بہترین حالت میں ہے اور حدِ نگاہ واضح ہونے کے باعث مقامی اور مہمان کھلاڑیوں کے لیے موزوں ہے۔ایئر مین گولف کلب میں کھیلی جانے والی سالانہ سندھ اوپن گولف چیمپیئن شپ 21 سے 23 جنوری تک جاری رہے گی۔ چیمپیئن شپ کی مجموعی انعامی رقم تیس لاکھ روپے پروفیشنل، سینئر پروفیشنل اور جونیئر پروفیشنلز میں گولف مروجہ قوانین کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار 23 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں