سندھ حکومت کا اورنج لائن اور گرین لائن کو جوڑنے کے لئے شٹل سروس شروع کرنے کا فیصلہ

پر عید کے فوری بعد شٹل سروس نمائش تا ٹاور دی جائے گی، جبکہ انو بھائی پارک تا جناح وومن کالج تک مفت شٹل سروس فراہم کی جائے گی،شرجیل میمن

جمعرات 28 مارچ 2024 22:35

سندھ حکومت کا اورنج لائن اور گرین لائن کو جوڑنے کے لئے شٹل سروس شروع کرنے کا فیصلہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) سندھ کے سینئر منسٹر اور صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن، نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اورنج لائن اور گرین لائن کو آپس میں جوڑنے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ، اورنج لائن اور گرین لائن کو جوڑنے کے لئے شٹل سروس شروع کی جائے گی۔

کراچی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ابتدائی طور پر عید کے فوری بعد شٹل سروس نمائش تا ٹاور دی جائے گی، جبکہ انو بھائی پارک تا جناح وومن کالج تک مفت شٹل سروس فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی پروجیکٹ کے تحت 18 بلین مالیت کی 300 بسز کا وعدہ کیا تھا، پی ایس ڈی پی پروجیکٹ کے تحت بسز کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر نگران حکومت نے توجہ نہیں دی، جس کی وجہ سے کام تاخیر کا شکار ہوا، تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں سے ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام ایک مرتبہ پھر تیزی سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام جلد از جلد تکمیل کو پہنچے اور عوام کو فائدہ ہو۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ اب انٹر سٹی بس سروس شروع کرنے کے منصوبوں پر کام کرنے جا رہی ہے، بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تحت عوام کی سہولت کے لئے 500 بسز خرید کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ییلو لائن بس سروس کے لئے کام تیزی سے جاری ہے، امید ہے کہ بہت جلد عوام ییلو لائن بس سروس سے مستفید ہو سکیں گے، حکومت سندھ کی جانب سے کراچی سے حیدرآباد، میرپورخاص سے حیدرآباد، لاڑکانہ سے سکھر، لاڑکانہ سے قمبر شہدادکوٹ بسیں چلائی جائیں گی۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دایو، ٹرانس کراچی کی قائم مقام سی ای او شمائلہ محسن، ریڈ لائن، اورنج لائن، ییلو لائن کے حکام، انٹرنیشنل کنسلٹنٹ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں