جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں میں اضافہ، توانائی کے شعبہ میں نقصانات میں کمی اور ملکی اداروں کو خسارے سے نکالنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 مارچ 2024 17:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے کہا ہے کہ جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں میں اضافہ، توانائی کے شعبہ میں نقصانات میں کمی اور ملکی اداروں کو خسارے سے نکالنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، رمضان پیکیج کو 7.5 ارب روپے سے بڑھا کر12 ارب روپے کر دیا گیا ہے، یوٹیلیٹی سٹور پر اشیاء کے معیار میں بہتری لائی جا رہی ہے، اشیاء کے معیار پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی میں یوٹیلیٹی سٹورکارپوریشن کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ 1200 موبا ئل پوائنٹس کے ذریعہ صارفین کو اشیاء کی فراہمی جاری ہے ، رمضان پیکیج کو 7.5 ارب روپے سے بڑھا کر 12 ارب کر دیا گیا ہے، یوٹیلیٹی سٹور پر اشیاء کے معیار میں بہتری لائی جا رہی ہے، اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے گندم کی برآمد کی اجازت نہیں دی گئی، گندم کی فصل کے حوالہ سے اچھی خبریں آ رہی ہے اور 15 اپریل تک گندم کی پیداوارکے حوالہ سے صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہدف پر مبنی سبسڈیز پر آئی ایم ایف نے کبھی اعتراض نہیں کیا بلکہ وہ تو معاشی طور پر کمزور طبقات کو اہداف پر مبنی زرتلافیوں میں اضافہ کا مطالبہ کر رہا ہے ۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر بہتر انتظامی اقدامات کئے جائیں تو اس سے استحکام لایا جا سکتاہے، بہتر انتظامی اقدامات سے سمگلنگ، حوالہ اور ہنڈی کے حوالہ سے بہتری آئی ہے، برآمدات پر ہماری توجہ ہے کیونکہ اس سے زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، پاکستان زرعی ملک ہے، اگر زرعی پیداوار میں اضافہ ہو تو ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی میں اضافہ، توانائی کے شعبہ میں نقصانات میں کمی اور ملکی اداروں کو خسارے سے نکالنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور آئی ایم ایف بھی پاکستان سے انہی شعبوں میں تجاویز دے رہاہے، یہ اقدامات پاکستان کے اپنے مفاد میں ہیں، ہم نے لیکیجز کو بند کرنا ہے، ٹریک اینڈ ٹریس نظام میں توسیع اور اس کے موثر نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے دورہ کراچی کے دوران رمضان ریلیف پیکیج کی کوریج اور فوائد کو بڑھانے کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا دورہ کیا۔دورہ کا مقصد رمضان ریلیف پیکیج پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا، انہوں نے کراچی میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضرورت کی دستیابی کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر نے موبائل یوٹیلیٹی سٹورز اور سیلز پوائنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے والی نئی ایپ کا بھی کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر محمد اورنگزیب نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے عملے سے رمضان ریلیف پیکیج کے نفاذ میں درپیش چیلنجز کے بارے میں دریافت کیا۔وفاقی وزیر نے کراچی میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام سے بھی ملاقات کی، تاثرات اکٹھے کیے اور رمضان ریلیف پیکیج سے متعلق خدشات کو دور کیا۔وفاقی وزیر نے موبائل یوٹیلیٹی سٹورز اور سیلز پوائنٹس کے آپریٹنگ اوقات کی تصدیق کی تاکہ نئی لانچ کی گئی ایپ کے ذریعے عوام تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔

انہوں نے کراچی میں یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج کے تحت اشیا کی تقسیم اور فروخت سے متعلق اعدادوشمار کا بھی جائزہ لیا۔وفاقی وزیر نے کراچی میں مستحق افراد میں سستی خوراک کی اشیاءخوردو نوش تقسیم کرنے کے لئے نامزد موبائل یونٹس کے سیٹ اپ اور آپریشنز کی نگرانی بھی کی۔وزیر خزانہ نے رمضان ریلیف پیکیج کی مستحق افراد میں منصفانہ تقسیم پر زور دیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں