حکومت اقتصادی استحکام ، مالیاتی نظم و ضبط اور پائیدار اقتصادی نمو کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی گورنر سٹیٹ بینک اور کلیدی بینکوں کے چیف ایگزیکٹو افسران و صدور سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 29 مارچ 2024 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت اقتصادی استحکام ، مالیاتی نظم و ضبط اور پائیدار اقتصادی نمو کیلئے اقدامات کر رہی ہے، حکومت کے ترقیاتی ایجنڈہ کے فروغ میں بینکاری کے شعبہ کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی میں گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور کلیدی بینکوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور صدور کے ساتھ ملاقات میں کیا۔

ملاقات کا بنیادی مقصد اقتصادی نمو اور پاکستان کی ترقی کیلئے ترجیحی شعبوں کو بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کی فراہمی میں اضافہ سے متعلق امور زیر بحث لانا تھا۔ وزیر خزانہ نے شرکاء کو ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقتصادی استحکام ، مالیاتی نظم و ضبط اور پائیدار نمو کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈہ کے حوالہ سے بینکوں کے کلیدی کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور بینکوں پر زور دیا کہ وہ زراعت، ایس ایم ایز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر ترجیحی شعبوں کیلئے قرضوں اور مالیاتی معاونت میں اضافہ کریں۔ وزیر خزانہ نے ترجیحی شعبوں کیلئے قرضوں میں اضافہ کیلئے قائم ٹاسک فورس کی قیادت کی ذمہ داریاں پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کو سنبھالنے کی درخواست بھی کی۔

گورنر سٹیٹ بینک نے وزیر خزانہ کے اقدامات کی حمایت کی۔ انہوں نے ترجیحی شعبوں کیلئے قرضہ جات کی فراہمی میں اضافہ کیلئے بینکوں کو سہولیات کی فراہمی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرضہ جات کی فراہمی میں اضافہ کے حوالہ سے سٹیٹ بینک کا کردار ریگولیٹری اور پالیسی رہنما ئی پر مبنی ہوتا ہے۔ ملاقات میں وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں