ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی عید کے دنوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر کمپنیز کو شوکازنوٹس جاری کرنے کی ہدایت

منگل 16 اپریل 2024 18:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ نے عید کے دنوں میں کچھ اضلاع میں صفائی کی ناقص صورتحال پر کمپنیز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔یہ ہدایت انہوں نے صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور سینیٹری ورکرز کی کمی کے مسائل کے حل کے لئے منگل کو اپنی زیرصدارت اجلاس میں دی۔

اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، ڈائریکٹر ایم اینڈ ای، صابر شاہ کے علاوہ دیگر افسران اور نجی کمپنیز کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نجی کمپنیز کے نمائندوں نے ڈسٹ بن چوری ہونے کی شکایت کی۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کریں تاکہ انکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔مزید براں انہوں نے کمپنیز کو ہدایت کی کہ کنٹونمنٹ بورڈ اور ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی حدود کا تعین ہونا ضروری ہے جس کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور سینیٹری ورکرز کی کمی کے مسائل کے حل کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ عید کے دنوں میں کچھ اضلاع میں سینیٹری ورکز کی غیر حاضری کی وجہ سے صفائی کی ناقص صورتحال تھی۔متعلقہ افسران نے وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنیز عملے کوپوری اجرت نہیں دیتے اور ایمرجنسی کے نفاذ کے موقع پر اضافی الائونس بھی نہیں دیا جاتا جس کی وجہ سے سینیٹری ورکرز غیرحاضر ہوتے ہیں۔

اس مسئلے کے حل کے لئے ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے فیصلہ کیا کہ تمام سینیٹری ورکرز کو کسی فرم کے ذریعے پے رول پر رکھا جائے گا، اس فیصلے سے سینیٹری ورکرز کوپوری اجرت کے ساتھ وقت پر تنخواہیں دی جا سکیں گی۔اس کے علاوہ، یہ کمپنی سینیٹری ورکرز کے بنیادی مسائل مثلا ًرہائش،کھانے اورٹرانسپورٹیشن کی سہولت بھی مہیا کرے گی۔مزید یہ کہ سینیٹری ورکرز کی کمی کو پورا کرنے اور چائلڈ لیبر کے مسائل حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی کمپنیز کے بلوں سے کٹوتی کرکے کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں