کچرا و گندگی کے ڈھیر کو ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری ٹاون حکومت کو دی جائے، جمیل ضیا

جمعرات 18 اپریل 2024 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی پی ایس95کے صدر و ٹاون چیئرمین اورنگی ٹاون حاجی جمیل ضیا نے کہا ہے کہ کراچی کا کچرا اٹھا نا سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے بس کی بات نہیں ہے اورنگی ٹاون کی مین شاہراہ قذافی اس وقت گندگی اور کچرے کا ڈھیر بن چکی ہے یہاں سے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوںلوگ کو گزر ہوتا ہے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ کچرا اٹھانے کا معاہدہ منسوخ کیا جائے اور ٹاون حکومت کو اپنے اپنے علاقے کا کچرا ٹھکانے لگانے کا ٹاسک دیا جائے تا کہ ہر ٹاون کا چیئرمین اپنے اپنے علاقے سے کچرا اٹھوانے کا ذمہ دار ہو، ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، حاجی جمیل ضیا نے کہا کہ اورنگی ٹاون ایشیا کی سب سے بڑی کچی آبادی اور گنجان آباد علاقہ ہے ، اس علاقے کی آبادی کراچی کے دیگر علاقو ں کی نسبت بہت زیادہ ہے جہاں آبادی زیادہ ہوتی ہے وہاں مسائل بھی زیادہ ہوتے ہیں، ہم نے چند مقامات پر کچرے کی نشاندہی کی تھی تو وہاں پر صفائی شروع ہوگئی تھی جو کچرا ہمیں اور عام عوام کو نظر آتاہے وہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ والوں کو کیوں نظر نہیں آتا ، اورنگی ٹاون میں چھ جے ٹی ایس بنانے کے احکامات جاری کیے تھے لیکن ابھی تک ایک بھی نہیں بنایا گیا، انہوںنے کہا کہ ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی عہدیداران اورجیالوں کو ایک ہی بات کہی ہے کہ عوام کی خدمت کرو ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں لیکن اگر متعلقہ ادارے ساتھ نہیں دیں گے تو عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے، انہوں نے کہا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی نئی انتظامیہ کراچی کے کچرے کو ٹھکانے لگانے میں بالکل سنجیدہ نظر نہیں آرہی بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ بالکل ناکام ہوچکی ہے اگر کسی علاقے کا ٹاون چیئرمین یا کوئی اور عوامی نمائندہ نشاندہی کردے تو کچرا اٹھ جاتا ہے ورنہ ڈھیر کے اوپر ڈھیر لگتا رہتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کوحل کرنے کے لیئے عوامی نمائندوں اور اداروں کے مابین روابط کو مضبوط کرنا ہوگا تا کہ مسائل حل ہو سکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں