سندھ سمیت پور ے ملک میں جمہوریت کے لیئے پی پی نے تاریخی جدوجہد کی، جمیل ضیا

تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی راہوں کو جمہوری اقدار پر اس کی روح کے مطابق ڈھالنا ہوگا،چیئرمین اورنگی ٹائون

اتوار 28 اپریل 2024 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی پی ایس95کے صدر و ٹاون چیئرمین اورنگی ٹاون حاجی جمیل ضیا نے سندھ اسمبلی کے 87سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اسمبلی کے تمام ممبران اور سندھ کی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ سند ھ کی تاریخ میں 27اپریل ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے 27اپریل1937کو سندھ کی قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوا تھا جہاں سے پارلیمانی جمہوریت کا آغاز ہوا، سندھ سمیت پورے ملک جمہوریت کے لیئے پیپلز پارٹی نے تاریخی جدوجہد کی۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

حاجی جمیل ضیا نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تاریخ کے ہاتھوں قتل ہونے کے بجائے پھانسی کو ترجیح دی ، بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بی بی بے نظیر بھٹونے بحالی جمہوریت کے لیئے ناقابل فراموش جدوجہد و قربانیاں دیں، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور جیالے اپنی قیادت کے مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں اپنے قائدین کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک میں جمہوریت کے نفاذ کے لیئے کی جانے والی جدوجہد کو ہمیں بڑھانا ہے اور اپنی راہوں کو جمہوری اقدار پراس کی روح کے مطابق ڈھالنا ہوگا تا کہ جمہوریت پروان چڑھے اور ملک میں عوامی اکثریت سے کیے جانے والے فیصلوں پر عمل درآمد ہو اور عوامی رائے کا احترام کیا جاسکے، جس معاشرے میں بھی عوامی رائے کے خلاف اقدامات کیے گئے یا جہاں عوام کی رائے کو اہمیت نہیں دی جاتی ان معاشروں میں نفرت، عدم برداشت اور مسائل جنم لینا شروع کردیتے ہیں جوآہستہ آہستہ شدید نفرت میں بدل کر بغاوت کی شکل اختیار کر لیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوری نظام کو اپنی جڑیں پکڑنے میں کئی سال لگے پیپلز پارٹی کسی کو بھی جمہوری اقدار کو روندنے کی اجازت نہیں دیگی اور نہ ہی کبھی جمہوری نظام کی خلاف کبھی جائے گی ، پیپلز پارٹی ایک جمہوریت پسند سیاسی جماعت ہے جس کی سیاست کا محور روز اول سے ہی عوامی خدمت اور ملکی ترقی رہی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ ہم پورے ملک میں صاف اور شفاف جمہوری نظام کے نفاذ کے خواہاں ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک کے ہر کونے میں ایسا نظام بن جائے جہاں عوامی رائے کوسب سے پہلے اور مقدم جانا جائے اور عوام کے فیصلوں کو دل سے تسلیم کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں