عالمی عدالت اور اقوام متحدہ تعصب پسند ادارے بن چکے ہیں ، سربراہ پاکستان سنی تحریک

اقوام متحدہ فلسطین کے عوام کے قتل میں برابر کا مجرم ہے ،سلامتی کونسل کی غزہ جنگ بندی کی قرار داد پر عمل نہ کرنا بھی مجرمانہ عمل ہے ، شاداب رضا نقشبندی

پیر 29 اپریل 2024 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ غزہ میں امن قائم بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ،اقوام متحدہ ،یورپی یونین اور عالمی طاقتور قوتیں انصاف کا قتل کررہی ہیں ظالم اسرائیل کو دہشتگردی کا لائسنس دیا ہوا ہے ،اقوام متحدہ فلسطین کے عوام کے قتل میں برابر کا مجرم ہے ،سلامتی کونسل کی غزہ جنگ بندی کی قرار داد پر عمل نہ کرنا بھی مجرمانہ عمل ہے ،عالمی عدالت اور اقوام متحدہ تعصب پسند ادارے بن چکے ہیں ،اسلامو فوبیا کا شکار اقوام متحدہ اور عالمی عدالت فلسطین میں اسرئیل مظالم اور ہزاروں شہادتوں پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں ،اقوام متحدہ اور عالمی عدالت کے رویئے دنیا کے امن کیلئے خطرہ اور انتہاپسندی کو فروغ دے رہے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین میں 207دن سے جاری اسرائیل جارحیت بمباری معصوم لوگوں کے قتل پر اقوام متحدہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کیا ،محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت فلسطین میں مسلم نسل کشی کرنے سے باز آجائے ،اسرائیل کی بربادی کا وقت قریب آگیا ہے انشاء اللہ ظالم وجابر عبرت کا نشان بنیں گے ،فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا عالم اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے موجودہ حالات میں پورے عالم اسلام کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے ،اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو نہ روکا گیا تو اس سے پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑجائیگا ،اسلامی ممالک کے حکمران اُمت مسلمہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں ،متحد ہوکر اسرئیل کے خلاف عملی اقدامات کئے جائیں ،غزہ جنگ بندی کی قرار داد پر عمل نہ ہونا اقوام متحدہ کا تعصبانہ مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے،اسرائیل کو فلسطینیوں پر بمباری سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ کو طاقت سے کام لینا چاہیے ،اسرائیل کو امریکہ اور اقوام متحدہ مسلم نسل کشی کرنے کیلئے آکسیجن فراہم کررہے ہیں ،دنیا میں امن وانصاف قائم کرنے کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی عدالت کو اپنے فیصلوں اور قرار داد پر عمل کرانا ہوگا ،فلسطین اور مقدس مقامات کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا مسلمانوں پر فرض ہے ،پاکستانی قوم فلسطینی حریت پسندوں کے ساتھ کھڑی ہے ،انشاء اللہ جلد فلسطین میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا ،انہوں کا کہنا تھا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہے جسم کے کسی حصے میں درد ہوتا ہے تو اس کی تکلیف پورا جسم محسوس کرتا ہے فلسطین کے عوام پر ہونے والے مظالم کا درد پوری اُمت مسلمہ محسوس کررہی ہے ،مسلم حکمران خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں اور فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور منہ توڑ جواب دینے کیلئے متحد ہوکر کام کریں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں