سپریم کورٹ کے احکامات، کراچی میں سڑکوں، فٹ پاتھوں سے تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع

ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں اقدامات اور کارروائی کی رپورٹ کمشنر کو پیش کر دی،تمام ڈپٹی کمشنرز اداروں سے مضبوط رابطہ رکھیں ان کی مدد کریں کمشنر کراچی

بدھ 1 مئی 2024 18:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) شہرقائد کی مصروف سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم ٹریفک کے لیے رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خاتمہ کی مہم شروع کر دی گئی ہے،ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں اقدامات اور کارروائی کی رپورٹ کمشنرکراچی کو پیش کر دی۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ہدایت دی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اداروں سے مضبوط رابطہ رکھیں، ان کی مدد کریں۔

رپورٹ کے مطابق متعلقہ اداروں اور ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں ان سڑکوں کی نشاندہی کر لی، جہاں تجاوزات ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات ہیں، ان تجاوزات کو ان کی نوعیت اور تقاضوں کے مطابق بتدریج ہٹایا جارہا ہے، کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو کارروائی سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ضلع کورنگی شاہ فیصل کالونی میں شمع شاپنگ سینٹر، شاہ فیصل کالونی نمبر 3کلمہ چوک عظیم پورہ روڈ پر کارروائی کر کے تجاوزات ہٹائی گئیں، بلدیہ عظمی اور ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل پو لیس کی مدد سے کارروائی کی گئی۔

اسی طرح ضلع جنوبی میں انسداد تجازات ٹیم بلدیہ عظمی کے ساتھ مل کر آئمہ رام پتم داس روڈ لیاری اور شو مارکیٹ گارڈن میں کارروائی کر کے تجازات ہٹا دی گئیں۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر کیماڑی جنید اقبال نے کمشنر کو رپورٹ میں بتایا ہے کہ دیہہ موچ بلاک ایک ایل ڈی اے 42 اسکیم میں کارروائی کر کے 30 ایکڑ سرکاری زمین پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں کاررواء کی گء تجاوزات کے خاتمہ کی اس کارروائی میں ضلعی انتظامیہ اور انٹی اینکروچمنٹ فورس نے حصہ لیا۔رپورٹ کے مطابق زمین ایل ڈی اے کی ملکیت تھی جو کارروائی مکمل کر کے ایل ڈی اے کے حوالہ کر دی گئی۔ڈپٹی کمشنر وسطی فواد غفار نے کمشنر کو آگاہ کیا کہ ضلع وسطی میں ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خلاف بلدیہ عظمی کے ساتھ مل کر 2 مء کو مہم شروع کی جائے گی، جو ایک ہفتہ تک جاری رہے گی کارروائی کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس حکام کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 27اپریل کو سپریم کورٹ نے ملک بھر سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے 3 روز میں تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں