فوڈ سیفٹی کے معیارات کو عالمی سطح کے معیارات کے مطابق ڈھالنے کے لئے سندھ فوڈ اتھارٹی اور PSQCA میں اتفاق رائے

بدھ 1 مئی 2024 21:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) صوبہ سندھ میں فوڈ سیفٹی کے معیارات کو بہتر بنانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے اپنی تکنیکی ٹیم کے ہمراہ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کراچی کا دورہ کیا۔ انہوں نے جمیل احمد شیخ سیکرٹری (PSQCA ) کراچی سے ملاقات کی۔ اس دورے کا مقصد خوراک کی صنعت میں کوالٹی کنٹرول کے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے وسائل کے استعمال کو بہتر بنانا تھا۔

اس موقع پر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خوراک کی پیداوار اور تقسیم کے عمل میں ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور ان کی اصلاح کے لیے اپنے مشترکہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اس امید اظہار کیا گیا کہ ان مشترکہ کاوشوں سے نہ صرف معائنہ کرنے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے گا بلکہ مستقبل میں صوبے بھر میں فوڈ سیفٹی کے ضوابط کے نفاذ کو بھی مضبوط کیا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں یہ تجویز بھی دی گئی کہ آئندہ اجلاسوں میں ان اقدامات پر تفصیل سے بات کی جائے جس میں ڈیٹا اور لیبارٹری کی سہولیات کا اسٹریٹجک اشتراک، جانچ کے عمل کو متوازن کرنا اور کھانے کی مصنوعات میں ممکنہ آلودگیوں یا بے ضابطگیوں کی نشاندہی کو تیز کرنا شامل ہے۔ وسائل کے درست استعمال اور فوڈ سیفٹی قوائد پر عمل درآمد کرانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین اور PSQCA کے سیکریٹری جمیل احمد شیخ نے فوڈ سیفٹی کے معیارات کو عالمی سطح کے معیارات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت پر بھی اتفاق رائے کیا۔ دونوں حکام نے اداروں کے مابین بہتر روابط پر زور دیا تاکہ صوبہ سندھ میں فوڈ انڈسٹری کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے فوڈ سیفٹی نگرانی کو بین الاقوامی سطح کے معیارات کے مطابق بنایا جاسکے۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں