سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی کراچی میں نلی نہاری سے تواضع، تصاویر وائرل

بچپن سے کراچی ہمارے خوابوں کا شہر رہا ہے۔ اگر دنیا کے بڑے شہروں کے ساتھ کراچی کا ذکر نہ ہو تو یہ نا انصافی ہوگی،انوارالحق کاکڑ

اتوار 12 مئی 2024 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) سابق نگراں وزیراعظم اور سینیٹر انوار الحق کاکڑ کراچی آئے تو ان کی مشہور نلی نہاری سے تواضع کی گئی جس کی تصاویر وائرل ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق سابق نگراں وزیراعظم اور موجودہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ شہر قائد آئے تو گورنر سندھ کامران ٹیسوری خاطر مدارات کے لیے انہیں کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا لے گئے۔

گورنر سندھ نے سابق نگراں وزیراعظم کی تواضع دنیا کے مشہور کھانوں کی فہرست میں شامل معروف نلی نہاری سے کی اور انوار الحق کاکڑ نے بھی ذائقے دار نلی نہاری سے خوب لطف اٹھایا۔اس موقع پر شہر قائد کے عوام اپنے درمیان سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے اور شہریوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

(جاری ہے)

ہوٹل کے باہر جمع ہو جانے والے شہر قائد کے باسیوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بچپن سے کراچی ہمارے خوابوں کا شہر رہا ہے۔ اگر دنیا کے بڑے شہروں کے ساتھ کراچی کا ذکر نہ ہو تو یہ نا انصافی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کراچی کو بجا طور پر منی پاکستان کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں شاہ لطیف کی بولی بولنے والے، خوشحال خان خٹک اور میر تقی میر کی بولی بولنے والے لوگ رہتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں