پی سی بی کا سابق کھلاڑیوں کی پنشن میں ایک لاکھ روپے اضافے کا اعلان

جمعرات 19 مئی 2022 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت تمام کٹیگریز میں شامل سابق کھلاڑیوں کی پنشن میں ایک لاکھ روپے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس اضافے کے بعد اب دس یا اس سے کم ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو ماہوار ایک لاکھ 42 ہزار روپے پنشن ملے گی۔

گیارہ سے بیس ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ریٹائرڈ کھلاڑی اب ماہوار ایک لاکھ 48 ہزار روپے ماہوار پنشن وصول کریں گے۔ اسی طرح 21 یا اس سے زائد ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ٹیسٹ کرکٹرز کی ماہوار پنشن 52 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ 52 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی ویلفیئر پالیسی میں ترمیم کے بعد اب کسی بھی سابق ٹیسٹ کرکٹر کی وفات کے بعد ان کی پنشن ان کی اہلیہ کو پی سی بی سے وصول کرنے کا اختیار ہوگا۔

اس سے قبل کرکٹر کی وفات کے بعد ان کے قانونی ورثا کو صرف ایک مرتبہ ہی پنشن وصول کرنے کا حق تھا، جو ان کی کٹیگری کی بریکٹ کے مطابق 12 ماہ کے برابر تھی۔ پی سی بی کی ویلفیئر پالیسی آخری مرتبہ جنوری 2019 ء میں اپ ڈیٹ کی گئی تھی لہذا پی سی بی نے آئندہ مہنگائی کی شرح کے مطابق ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پینشن میں سالانہ اضافے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ سابق کھلاڑیوں کی پنشن میں اضافے اورپی سی بی ویلفیئر پالیسی میں دیگر ترامیم کا اعلان کرتے ہوئے انہیں بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ ایک سابق کرکٹر کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ کے امور کی سربراہی ملنے پران سے توقع تھی کہ وہ ہمیشہ موجودہ اور سابق کرکٹرز کے مفادات کی حفاظت اور ان کی فلاح کے لیے عملی اقدامات کریں گے ۔

انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنا ایک اور وعدہ پورا کرنے میں کامیاب رہے اور ان ترامیم کے بعد اب کھلاڑیوں کی پنشن میں سالانہ اضافہ بھی ہوا کرے گا۔ رمیز راجہ نے مزید کہا کہ پنشن میں اضافے کے علاوہ پی سی بی نے سابق کھلاڑیوں کے انتقال کے بعد ان کی بیوائوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا ہے۔ ایک سابق کرکٹر کی حیثیت سے وہ جانتے ہیں کہ کھلاڑیوں کے اہلخانہ کتنی قربانیاں دیتے ہیں ۔

یقین ہے کہ یہ ترامیم کرکٹرز کے ساتھ ساتھ ان کی شریک حیات کے لیے بھی اطمینان کا سبب بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنے کرکٹرز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پی سی بی پلیئرز ویلفیئر پالیسی میں یہ ترامیم پی سی بی کے ان عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ وہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وہ ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ سابق کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے پی سی بی کا بینوولنٹ فنڈ پہلے ہی موجود ہے۔ پی سی بی پلیئرز ویلفیئر پالیسی میں تازہ ترین تبدیلیاںیکم جولائی 2022 سے نافذ العمل ہوں گی۔60سال یا اس سے زائد عمر کے کرکٹرز اس پالیسی سے مستفید ہو سکیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں