پشاور،پمزکرکٹ کلب نے ڈسٹرکٹ انٹر کلب کرکٹ چمپئن شپ جیت لی

جمعرات 3 جنوری 2019 19:26

پشاور،پمزکرکٹ کلب نے ڈسٹرکٹ انٹر کلب کرکٹ چمپئن شپ جیت لی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) پمز کرکٹ کلب نے شمع کرکٹ کلب کو 79 رنز سے شکست دیکر پشاور ڈسٹرکٹ انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ جیت لی، محمد الیاس کو چیمپئن شپ کا بہترین بائولر، مہران عالم کو بہترین بیٹسمین اور کاشف حیات کو بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا، پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر علی خان اور سینئر نائب صدر ملک فرمان علی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے،ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حنیف شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے، فاتح ٹیم کو 30 ہزار اور رنرز اپ ٹیم کو 20 ہزار روپے دیئے گئے۔

پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چیمپئن شپ کے فائنل میں پہلے کھیلتے ہوئے پمز کلب کی ٹیم مقررہ 35 اوورز میں 164رنز بناکر آئوٹ ہوگئی،عادل کریم 49 اور فضل حق 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شمع کلب کے حماد الحسن نے تین، محمد الیاس نے دو، اعجاز، ہارون اور سلیمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

جواب میںشمع کلب کی ٹیم 27 ویں اوور میں 85 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، سلمان خان اور محمد ہارون نے 10، 10 رنز بنائے، پمز کلب کی جانب سے اسد اللہ جونیئر نے چار، حسنین جاوید، معاذ خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اس موقع پر پمز کرکٹ کلب کے صدر و ڈائریکٹر پمز ایجوکیشن سسٹم انور خان نے فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پمز کلب نے دو سال کے قلیل مدت میں ڈسٹرکٹ چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا انہوں نے کہا کہ دو سال قبل اس کلب کا قیام عمل میں لایاگیا جنہوں نے اس سے قبل انٹر کالجز کرکٹ ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن ھاصل کی جبکہ پشاور ڈسٹرکٹ میں دفاعی چیمپئن شمع کلب کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ جس میں سو سے زائد کلبز کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا فاتح کھلاڑیوں کے اعزاز میں جلد تقریب کا انعقاد کیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں