قصور، کرتار پور راہدری منصوبے سے امن، محبت اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ ملے گا، صوبائی وزیر سردار ہاشم ڈوگر

ہفتہ 9 نومبر 2019 15:20

قصور۔9نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) صوبائی وزیر محکمہ بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) سردار ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ کرتار پور راہدری منصوبہ پی ٹی آئی حکومت کا سکھ برادری کیلئے تاریخی کارنامہ ہے‘امن، محبت اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ ملے گا‘ دنیا بھر کی سکھ برادری کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں‘ ہم نے انتہائی خلوص کے ساتھ سکھوں کو ان کے مقد س مقامات تک رسائی دی ہے‘ہم نے پاکستان میں رہنے والی ہندو برادری کو بھی مکمل مذہبی آزادی دی رکھی ہے‘پاکستان اقلیتوں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں‘ انڈین حکومت کی طرف سے سکھوں کو بے شمار مسائل کا سامنا تھا جبکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ان کے مذہب کا احترام کرتے ہوئے کہاکہ وہ انتہائی آسانی اور انتہائی کم خرچے کے ساتھ پاکستان آ سکیں گے،ہمارا مذہب اسلام بھی اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک اور انہیں مکمل مذہبی آزادی کا حکم دیتا ہے جبکہ مودی نے بھارت میں مسلمانوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے‘بھارت نے مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے،وہاں مسلمانوں کو نماز پڑھنے ، عید منانے ، گائے کھانے پر تشدد اور قتل کرنے جیسے واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے اسلام آباد دھرنے کے والے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا آزادی مارچ جودھرنے میں تبدیل ہو چکا ہے ،مولانا کو دھرنے میں لانے والے خود غائب ہو گئے ہیں، اب مولانا کو کوئی راستہ نہیں مل رہا لیکن ہم انہیں راستہ دیں گے،ہم نے جوڈیشنل کمیشن بنانے کی تجویز دی ہے، اگر دھاندلی ہوئی ہے توہم دوبارہ الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں، مولانا صاحب نے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے غریب اور دین کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو استعمال کر رہے ہیں، وہ بچوں پر رحم کریں، وزیر اعظم کا استعفیٰ تو آخری ڈیمانڈ ہوتی ہے لیکن مولانا صاحب کا پہلا مطالبہ ہی یہی ہے،ہم اگر استعفیٰ دے دیں تو مذاکرات کس لئے کر رہے ہیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں