ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں دو کم سن بھائی4 روز سے لاپتہ

اہل علاقہ نے احتجاجاً تجارتی مراکز بند کردئیے گئے ہیں، مقامی افراد کا انتظامیہ کے صدر دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ جاری

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 مارچ 2020 17:30

ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں دو کم سن بھائی4 روز سے لاپتہ
ضلع خیبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مارچ 2020ء، نمائندہ خصوصی، حُسین آفریدی) ضلع خیبر کے دورافتاد علاقے وادی تیراہ میں دو کمسن بھائی لاپتہ ہو گئے۔ جس کے بعد اہل علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دو کمسن بھائیوں کے گمشدگی پر علاقے میں احتجاجا تجارتی مراکز بند کردئیے گئے ہیں جبکہ مقامی افراد کا مقامی انتظامیہ کے صدر دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔

سماجی کارکن اورجرگہ پاکستان کے مقامی رہنماء ڈاکٹر رحمت نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قبیلہ برقمبر خیل کے علاقے نرحو میں 7 مارچ کو دو بھائی اپنے گھر کے قریب حسب معمول پڑھنے کے لئے گئے تھے لیکن واپس گھر نہیں لوٹے۔ اْنہوں نے کہاکہ 4 دن گزرجانے کے باوجود بھی بچوں کے بازیابی کے لئے مقامی انتظامیہ نے کوئی کردار ادا نہیں کیا جس کے وجہ سے پوری وادی تیراہ میں تمام تجارتی مراکز آج سے احتجاجا بند کردئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

لاپتہ بچوں کے ولد شفیق آفریدی جو خود احتجاج میں موجود تھے رابطے پر بتایاکہ اْنکا 7 سالہ بیٹا منصف اور 5 سالہ بیٹا آصف گزشتہ چار دن پہلے گھر کے قریب مدرسہ سکول سے لاپتہ ہوچکے ہیں۔اْنہوں نے کہاکہ وہ پچھلے کئی دنوں سے اپنے بیمار والدہ کے ساتھ پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تھا کہ گھروالوں نے ٹیلی فون پر بتایاکہ منصف اور آصف مدرسے سے گھر واپس نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گھر پہنچا اور بچوں کی تلاش شروع کی لیکن تاحال اْن کا کوئی سراغ نہ ملاسکا۔ انتظامیہ نے مدرسہ سکول میں استاد اور بچوں کے چچا کو شک کی بنا پر حراست میں لیا ہے۔ یاد رہے کہ بچوں کی گمشدگی کا وادی تیراہ میں یہ پہلا واقعہ ہے۔

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں