شہریارآفریدی کی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں کوہاٹ سے منتخب دو آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت

بدھ 15 ستمبر 2021 00:07

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2021ء) چیئرمین کشمیر کمیٹی و سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں کوہاٹ سے منتخب دو آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے دی۔ منگل کے روز یہاں کوہاٹ میں چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کوہاٹ کینٹ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں سے ان کی رہاشگاہ پر الگ الگ ملاقات کی اور کامیاب امیدواروں کو مبارک باد جبکہ ناکام ہونے والوں کو مقابلہ کرنے پر داد دی۔

اس موقع پر پارٹی کے مقامی رہنما ملک منصور، ملک عاطف، آفتاب عالم، ساجد اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔ شہر یار آفریدی نے کینٹ وارڈ نمبر 1 سے پی ٹی آئی کے محسن عتیق سے ملاقات کرکے انہیں کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی جبکہ پی ٹی ائی کے ہی امیدوار فیصل اسلم سے مل کر کینٹ وارڈ نمبر 2 سے بہترین مقابلہ کرنے پر داد دی جو آزاد امیدوار سے شکست کھا گئے تھے۔

(جاری ہے)

شہریار آفریدی آزاد حیثیت میں جیتنے والے امیدوار سید فائق علی شاہ کے گھر بھی گئے جنہوں نے سخت مقابلے کے بعد وارڈ نمبر 2 سے کامیابی حاصل کی ہے۔ الیکشن میں انہیں کامیابی پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وہ الیکشن میں ناکام ہونے والے آزاد امیدوار حافظ شوکت کی رہاشگاہ پر بھی گئے اور انہیں آزاد حیثیت میں وارڈ نمبر 3 سے بہترین مقابلہ کرنے پر داد دی۔

شہر یار آفریدی وارڈ نمبر 3 سے آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والے امیدوار سیفیان الرحمن سے بھی ملے اور انہیں الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ عوامی نمائندے کی جیثیت سے وہ عوام کے مسائل پر بھرپور توجہ دینگے اور انکے حل کے لئے جدوجہد کرینگے۔ شہر یار آفریدی نے آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والے دونوں امیدواروں وارڈ نمبر 2 سے سید فائق علی شاہ اور وارڈ نمبر 3 سے سفیان الرحمان کو باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں