سپیشل مجسٹریٹ پاکستان ریلوے کی کوہاٹ ہنگو روڈ پر تجاوزات کیخلاف کارروائی،40سے زائد تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا

جمعہ 13 دسمبر 2019 19:26

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) پاکستان ریلوے کی سپیشل مجسٹریٹ مس قرة العین وزیر نے کوہاٹ ہنگو روڈ پر واقع نواحی علاقوں محمدزئی اور ژواکی بانڈہ میں ریلوے اراضی پر قائم غیرقانونی تجاوزات کے خلاف بھرپورکاروائی کرتے ہوئے چالیس(40)سے زائد تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا جس کے نتیجے میں ریلوے کی 140 مرلہ رہائشی اراضی واگزارکرائی گئی جس کی مالیت ساڑھے پانچ کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

پاکستان ریلوے کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے ڈویژن پشاور فیاض احمد خان کی ہدایت پر سپیشل مجسٹریٹ ریلوے مس قرة العین وزیر نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرکوہاٹ ابراہیم خان اور ریلوے حکام کے ہمراہ آپریشن کیا اورکوہاٹ ہنگو روڈ پر واقع نواحی علاقوں محمدزئی اور ژواکی بانڈہ میں ریلوے لائن سے ملحقہ ریلوے اراضی پر قائم غیرقانونی تجاوزات کے خلاف بھاری مشینری کے ذریعے 35 دکانوں اور گوداموں پر مشتمل 40 سے زائد تعمیرات کو مسمار کرکے ریلوے کی 140 مرلہ اراضی واگزارکرائی۔

(جاری ہے)

ریلوے حکام کے مطابق واگزارکرائی گئی اراضی کی مالیت ساڑھے پانچ کروڑ روپے ہے جس پر علاقے کے لوگوں نے گزشتہ تیس سال سے غیرقانونی قبضہ کررکھا تھا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔بتایاجاتاہے کہ ریلوے مجسٹریٹ نے ریلوے اراضی پر قائم غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کو تجاوزات کے خاتمہ کے نوٹس جاری کئے تھے جس پر مقررہ معیادتیس دن گزرنے کے بعد کاروائی عمل میں لائی گئی۔سپیشل مجسٹریٹ نے ریلوے اراضی پر بغیر اجازت موبائل ٹاورلگانے پر ٹاورزکوبھی سیل کردیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں