کوہاٹ، پی ایم ایس کے تحت سکیل 17 میں بھرتی کے نتائج کا اعلان،31خواتین سمیت 85امیدوار کامیاب

جمعرات 22 فروری 2024 22:38

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2024ء) پبلک سروس کمیشن خیبرپختونخوا نے پراونشل مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) کے تحت سکیل 17 میں براہ راست بھرتی کیلئے فائنل امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا جس میں 31خواتین سمیت85 اٴْمیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی ۔ کمیشن نے صوبائی حکومت کوان امیدواروں کو بھرتی کرنے کی سفارش کردی۔پی ایم ایس امتحان میں پہلی تین پوزیشن لینے والوں میں دوخواتین عدن زاہد اورافنان رضا سمیت تینوںکا تعلق پشاورسے ہے۔

کامیاب ہونے والوں میں قبائلی اضلاع خیبر‘ اورکزئی‘ کرم‘ جنوبی وزیرستان‘ شمالی وزیرستان‘ مہمند اورباجوڑ سے تعلق رکھنے والے بھی شامل ہیں ۔دلچسپ امریہ ہے کہ قبائلی اضلاع سے پہلی بار سات خواتین اٴْمیدواروں نے بھی پی ایم ایس امتحان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے ہیں جن میں جنوبی وزیرستان سے تین خواتین عمارہ انور‘ عزیزہ اور سارہ سعید‘ مہمند سے دو خواتین فاطمہ خالق اورسائرہ خان ‘ خیبر سے رابیہ آفریدی اور قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کوہاٹ سے مناہل شوال آفریدی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صوبائی پبلک سروس کمیشن نے چار سال قبل فروری 2020 میںگریڈ17 میںپی ایم ایس افسروں کی بھرتی کے لئے صوبہ خیبرپختونخوابشمول قبائلی اضلاع سے خواتین و مرداٴْمیدواروں سے درخواستیں طلب کی تھیں اور چار سال کے طویل عرصہ میں 85 اٴْمیدواروں کی کامیابی کے بعدصوبائی حکومت کو بھرتی کرنے کی سفارش کردی جبکہ اقلیت اور معذور افراد کے لئے بالترتیب مخصوص 8 اور2 نشستیں خالی رہ گئیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں