بلوچستان و سندھ میں ٹڈی دًل کے مشاہدے کے پیش نظر جنوبی پنجاب میں بھی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، محکمہ زراعت

پیر 22 جولائی 2019 14:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) محکمہ زراعت نے امسال کاشتکاروں کو خبردار کیاہے کہ بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں ٹڈی دًل کے مشاہدے کے پیش نظر جنوبی پنجاب میں’’ ٹڈی دل ‘‘کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیںجبکہ حکومت پنجاب کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب نے ٹڈی دًل کے کنٹرول کیلئے زرعی ادویات کی خریداری فوری طور پر کرنے کیلئے اقدامات کر لئے ہیںجبکہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ ٹڈی دًل کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق رواں سال پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ چلنے کی وجہ سے بارشیں بھی زیادہ ہوئیں اور پاکستان کے جنوب مغرب میں ایران ، سعودی عرب اور دیگر جنوبی ریاستوں میں پہلے سے موجود ٹڈی دًل کاحملہ بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں مشاہدہ میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ اس مکڑی کے کیمیائی تدارک کیلئے لیمبڈا سائی ہیلو تھرین(Lambda Cyhalothrin) اور کلورپائیریفاس (Chlorpyriphos) ادویات کا طعمہ (Balt)بنا کر استعمال کریں۔اس کے علاوہ زمینی یا ہوائی سپرے کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے زرعی زہروں کا انتخاب اوراستعمال کریں۔ دوائی کی مقدار کا تعین ٹڈی دًل کے سائز اور کیڑے کی تعداد کو مدنظر رکھ کر کریں۔

ٹڈی دًل کو ختم کرنے کیلئے کئے جانے والے سپرے میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے ایسی کیڑے مار ادویات استعمال کی جائیں جن سے ممالیہ جانوروں اور انسانی صحت کو کم از کم نقصان پہنچے ۔ سپرے سے قبل اعلان بھی کیا جائے تاکہ لوگ وہاں نہ آئیں اور جانور بھی نہ لائیں۔حکومت پنجاب کی طرف سے جنوبی پنجاب خاص طور پر بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں ٹڈی دًل کے حوالے سے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور کسی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے چوکس ہیں۔

صوبہ پنجاب کی سطح پرپی ڈی ایم اے (پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی )،محکمہ زراعت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ باہم رابطے میں ہیں۔ حکومت پنجاب کی طرف سے وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں خاص طور پر وفاقی وزارت فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ، فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں سے رابطہ اور کوآرڈینیشن بھی جاری ہے ۔ اگر ضرورت پڑی تو فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے طیارے بھی ٹڈی دًل کنٹرول کے لیے پنجاب حکومت کو فراہم کئے جائیں گے جن کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں ہوائی سپرے کیا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں