یونائٹڈ بزنس گروپ کا فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے انتخابات میںمختلف عہدوں کیلئے بہترین امیدوار لانے کا اعلان

عہدیداروں کے ناموں کا اعلان گروپ کی کور کمیٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا جائے گا‘چیئرمین یونائٹڈ بزنس گروپ افتخارعلی ملک

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 18:26

یونائٹڈ بزنس گروپ کا فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے انتخابات میںمختلف عہدوں کیلئے بہترین امیدوار لانے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) یونائٹڈ بزنس گروپ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ سالانہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدور کے عہدوں کے لیے بہترین امیدوار میدان میں لانے کا اعلان کردیا۔عہدیداروں کے ناموں کا اعلان گروپ کے اس حوالے سے ہونے والے کور کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا جائے گا۔

چیئرمین یونائٹڈ بزنس گروپ افتخارعلی ملک نے ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ مدت کے انتخابات کے لیے عہدیداروں کی نامزدگی کے لیے ملک بھر میں موجود اعلیٰ تاجر قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔گروپ کے پیٹرن ان چیف ایس ایم منیر ، سابق صدرور بشمول میاں محمد ادریس، زبیر طفیل، عبدالرئوف عالم، غضنفر بلور اور دارو خان بھی اس موقعے پر موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک شرکاء کو وزیراعظم کے مشیر برائے اقتصادی امور عبدالرزاق دائود سے حال ہی میں ہونے والی ملاقات اور وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر اعظم عمران خان سے آئندہ ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کریں گے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے اقتصادی امور عبدالرزاق دائود نے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تاجر برادری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور ملک میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ان کے مطالبات اور تجاویز وزیر اعظم عمران خان تک پہنچائیں گے۔

انھوں نے واضح کیا کہ فیڈریشن کے انتخابات کے لیے امیدواروں کی نامزدگیاں تمام گروپوں کے سربراہان سے مشاورت کے ذریعے کی جائیں گی۔روٹیشن کے مطابق آئندہ صدر بلوچستان سے ہوگا۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا گروپ فیڈریشن کے آئندہ انتخاب میں ایک بار پھر کلین سویپ کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں