وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے معروف تعمیراتی گروپ نورینکو کے وفد کی ملاقات

اورنج لائن پراجیکٹ محمد شہباز شریف کی انتھک محنت کی گواہی دے رہا ہے،صدر نورینکو گروپ

اتوار 20 مئی 2018 20:10

لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے بین الاقوامی نورینکوگروپ کے صدروین گینگ کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔نورینکو گروپ کے صدر نے اورنج لائن میٹروٹرین کی آزمائشی سروس کے کامیاب آغاز پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کا کامیاب آغاز ایک اہم سنگ میل ہے ۔

یہ عظیم الشان منصوبہ چین کے صدر اور وزیر اعظم کا پاکستان خصوصاً لاہور کے عوام کے لئے تحفہ ہے۔ میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین دوستی کی تاریخ میں ایک تاریخ ساز حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے میں تاخیر نہ ہوتی تو آج میٹروٹرین چل رہی ہوتی۔

(جاری ہے)

ہمارے نادان دوستوںنے منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر کرائی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ایک رجحان ساز منصوبہ ہے ۔

تاخیر کا ازالہ ہم نے مل کر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل میرا مشن ہے۔ ملاقات میں منصوبے کے کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔صدر نورینکو گروپ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محمد شہباز شریف کے کام کرنے کی رفتار حیرت انگیز حد تک غیر معمولی ہے۔ میں نے لاہور اور پنجاب میں’’ شہباز سپیڈ‘‘ کا عملی نمونہ دیکھا ہے۔

محمدشہباز شریف نے اپنی سپیڈ کے ذریعے منصوبوں کی جلد تکمیل کو ممکن بنایا ہے ۔مجھے ’’شہباز سپیڈ ‘‘کے عملی مشاہدے سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ صدر نورینکو گروپ نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بھی محمد شہباز شریف کی انتھک محنت کی گواہی دے رہا ہے۔ محمد شہباز شریف نے اس منصوبے کو حقیقت میں بدلنے کیلئے شبانہ روز کام کیا ہے ۔بعض مسائل کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کے ازالے کیلئے محمد شہباز شریف اوران کی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے ۔

صدر نورینکو گروپ نے کہا کہہم اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور ہماری کوشش ہو گی کہ یہ منصوبہ آپ کی سپیڈ کے مطابق مکمل کیا جائے۔ صدر نورینکو گروپ نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے آپ اور پنجاب حکومت کے دیگر اداروں کا تعاون قابل تعریف ہے۔ چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن اور نورینکو کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر عائشہ غوث پاشا ، اورنج لائن میٹرو ٹرین کی سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان، مینجنگ ڈائریکٹر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، لارڈ میئر لاہور، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر لاہور ڈویژن اوراعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں