نیب نے سلمان شہباز کو 10 اکتوبر کو طلب کرلیا

سلمان شہبازپرآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، سلمان شہبازکے والد شہبازشریف پہلے ہی نیب کی حراست میں ہیں، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 اکتوبر 2018 19:10

نیب نے سلمان شہباز کو 10 اکتوبر کو طلب کرلیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 اکتوبر 2018ء) نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہبازکو طلب کرلیا، سلمان شہبازسے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی، سلمان شہبازکو 10اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب لاہور نے آشیانہ کیس میں گرفتار اپوزیشن لیڈر شہبازشریف ے صاحبزادے سلمان شہباز کوبھی انکوائری کیلئے طلب کرلیا ہے۔

سلمان شہبازکو 10اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔ سلمان شہبازسے نیب کی تحقیقاتی ٹیم آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق سوالات کرے گی۔ واضح رہے نیب نے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو نیب نے صاف پانی کیس کی انکوائری کیلئے بلا کر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا جبکہ شہبازشریف کیخلاف کوئی ریفرنس بھی دائر نہیں کیا گیا تھا نہ ہی شہبازشریف کو آشیانہ میں کرپشن سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم نیب نے ان کو گرفتار کرکے آشیانہ میں اختیارات سے تجاوز پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیب نے شہبازشریف کا احتساب عدالت سے 10روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف ، حمزہ شہبازاور سلمان شہبازنے نیب آفس میں شہبازشریف سے ملاقات کی تھی۔ جس میں انہوں نے شہبازشریف سے پارٹی امور اور نیب کی انکوائری سے متعلق دریافت کیا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن نے نیب کی شریف فیملی اور ن لیگی ارکان کیخلاف کاروائیوں کوانتقامی کاروائیاں قرار دیا ہے۔ن لیگ کا کہنا ہے کہ نیب کی کاروائیاں حکومت اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے۔آج سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں نوازشریف کو مزاحتمی سیاست کا مشورہ بھی دے دیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے بھی قربانیاں دیتے آئے ہیں۔

یہ سب ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ جو کچھ کیا جا رہا ہے کنٹینر والوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ اب یہ سلسلہ رکنے والا نہیں۔ نادان لوگ وقت سے پہلے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہے ہیں۔ نواز شریف نے مہنگائی اور سی پیک سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے چند دنوں میں غریبوں کا جینا دو بھر کر دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں