نئے حکمران تکبر نہیں تدبر سے کام لیں، عمران خان کے سمجھوتوں نے عوام کو مایوس کر دیا ہے،صاحبزادہ حامد رضا

جمعرات 11 اکتوبر 2018 22:08

نئے حکمران تکبر نہیں تدبر سے کام لیں، عمران خان کے سمجھوتوں نے عوام کو مایوس کر دیا ہے،صاحبزادہ حامد رضا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نئے حکمران تکبر نہیں تدبر سے کام لیں۔ عمران خان کے سمجھوتوں نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ تبدیلی نہیں تباہی لائی جا رہی ہے۔ حکومتی حلقوں میں سنجیدگی اور شائستگی کا فقدان ہے۔ ملک پر آج بھی مراعات طبقے کی حکمرانی ہے۔

نئے پاکستان میں نیا طرز حکمرانی نظر نہیں آتا۔ معاشی عدم استحکام کی سنگینی خطرے کے نشان کو چھو رہی ہے۔ فیصل رضا عابدی کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ احتساب پر کھربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود نتائج صفر ہیں۔ کمزور اور ناقص عدالتی نظام مسائل کی جڑ ہے۔ تھر میں قحط سالی کا مستقل سد باب ناگزیر ہے۔ تھر کی پسماندگی دور کرنے کے لئے وفاقی اور سندھ حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مجلس وحدت المسلمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت سیاسی درجہ حرارت بڑھانے کی حماقت نہ کرے۔ طبقاتی نظام کے خاتمے تک نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔ عوام دشمن استحصالی نظام کو ختم کئے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے روپیہ ٹکے ٹوکری ہو گیا ہے۔ نئے پاکستان میں سب کچھ پرانا ہے۔ آئی ایم ایف کی معاشی غلامی نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے۔ نئی حکومت آئی ایم ایف سے قرض نہ لینے کا وعدہ پورا نہیں کر سکی۔ حکومت سے عوام کی بڑھتی مایوسی خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں