پنجاب پولیس مجھے بھی جعلی مقابلے میں مار دے گی

مجھے پولیس سے بہت ڈر لگتا ہے،میرا مقدمہ اور تفتیش کسی ایماندار افسر کے حوالے کی جائے۔ منشا بم کا عدالت میں بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 16 اکتوبر 2018 16:33

پنجاب پولیس مجھے بھی جعلی مقابلے میں مار دے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2018ء) : قبضہ مافیہ منشا بم کا کہنا ہے کہ مجھے پنجاب کی پولیس پر کوئی اعتبار نہیں ہے اس لیے پنجاب پولیس مجھے بھی جعلی پولیس مقابلے میں مار دے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قبضہ مافیہ گروپ کے سرغنہ منشا بم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت پیش کیا گیا۔منشا بم نے عدالت میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا کہ پنجاب پولیس انہیں جعلی مقابلے میں مار سکتی ہے۔

منشا بم نے مزید کہا کہ مجھے پنجاب پولیس پر کوئی اعتبار نہیں ہے اور میں پولیس سے بہت ڈرتا ہوں۔میں پولیس کے ڈر سے ہی اب تک مفرور تھا،میرا مقدمہ اور تفتیش کسی ایماندار پولیس افسر کے حوالے کی جائے۔منشا بم نے مزید بتایا کہ میرے چار بیٹے ہیں اور ایک بیٹا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر چئیرمین کا الیکشن لڑ کر منتخب ہوا۔

(جاری ہے)

خیال رہے لاہور میں قبضہ مافیا کا سرغنہ اور اربوں روپے کے گھپلوں میں ملوث دہشت کی علامت سمجھے جانے والے منشا بم کے برے دنوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

کچھ روز قبل اربوں روپے کے گھپلوں میں ملوث منشا بم اور اسکے 4 بیٹوں کے نام ای سی ایل میں شامل کر دئیے گئے تھے۔ تاہم اس کیس میں نئی پیش رفت دیکھنے کو اس وقت ملی جب زمینوں پر قبضوں اور لینڈ مافیا کا کارندہ منشا بم کل سپریم کورٹ پہنچا۔ مفرور ملزم منشا بم سپریم کورٹمیں چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش ہوا اور کہا کہ میں خود کو عدالت کے حوالے کرنے آیا ہوں۔ میں پولیس سے چھُپ کر چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے آیا ہوں، اگر چیف جسٹس نہ ملے تو میں انتظار کروں گا۔ منشا بم نے کہا کہ میرے خلاف سیاسی مقدمات بنائے گئے ہیں۔ میں ایک خاندانی بندہ ہوں اور میں نے کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا۔اس پر اسلام آباد پولیس نے منشا بم کو اپنی تحویل میں لے لیا اور منشا بم کو گرفتار کر لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں