نیب کوشہبازشریف کیخلاف تحریری ثبوت مل گئے

شہبازشریف نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اختیارات خود استعمال کیے،شہبازشریف نے معاملہ محکمہ اینٹی کرپشن کو بھجوانے کے بعد کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کردیا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اکتوبر 2018 16:22

نیب کوشہبازشریف کیخلاف تحریری ثبوت مل گئے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر 2018ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کیخلاف آشیانہ اقبال اسکینڈل میں مزید ثبوت سامنے آگئے ہیں،نیب نے چوہدری لطیف کمپنی کاٹھیکہ منسوخ کرنے سے متعلق تحریری شواہد اکٹھے کرلیے،شہبازشریف نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اختیارات خود استعمال کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے آشیانہ اقبال اسکینڈل میں گرفتارسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے خلاف مزید شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے طارق باجوہ رپورٹ آنے کے بعد معاملہ انٹی کرپشن کو بھیجنے کا حکم دیا تھا۔سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے انٹی کرپشن کو20مارچ 2014ء کو بھیجا گیا۔ مبینہ طور پر 15مارچ کو خط لکھا جس میں چوہدری لطیف کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے ٹھیکہ منسوخ کرنے کیلئے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اختیارات خود استعمال کیے۔

نیب حکام کے مطابق اشیانہ کیس کے معاملے میں خواجہ سعد رفیق کو بھی طلب کیا گیا ہے جبکہ منصوبے کے ٹینڈر سے لیکر شہبازشریف اس معاملے میں ملوث رہے۔نیب نے شہبازشریف کے غیرقانونی اقدام کا تحریری ثبوت حاصل کرلیا ہے۔ نیب میں گرفتار اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی شہباز شریف نے پروڈکشن آرڈر پر رہائی کے بعد ایوان میں گئے، جہاں پر انہوں نے اپنے خطاب کہا کہ نیب نے پوچھا جنرل اشفاق پرویز کیانی کو خوش کر نے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کا منصوبہ ان کے بھائی کو دیا ،ْ پرویز الٰہی حکومت نے میجر ریٹائرڈ عامر کیانی کو 35ارب روپے کے منصوبے کا ٹھیکہ دیا، میں نے منسوخ کیا، کیا اشفاق پرویز کیانی 35 ارب روپے کا منصوبہ منسوخ کرنے سے خوش ہونگے یا ڈیڑھ ارب روپے کا منصوبہ دینے پر نیب والے کہتے ہیں خواجہ آصف کے خلاف گواہی دیں۔

پی ٹی آئی اور نیب کے درمیان ناپاک اتحاد ہے، جو نشستیں عمران خان نے چھوڑیں وہ ہم نے جیتیں، ثابت ہوگیا انتخابات دھاندلی زدہ تھا ، میری گرفتاری کیلئے 5 یا 6 جولائی کو آرڈر تیار تھے۔ کیوں دیر ہوئی یہ وقت پر معلوم ہوگا ۔ ہ طے ہونا ہے یہاں قانون کا راج ہوگا یا لاقانونیت کا، جو فاشسٹ ہوتا ہے انہیں مسولینی اور ہٹلر کا حشر بھی پتہ ہونا چاہیے۔

میری جھولی میں عوامی خدمت، امانت اور دیانت کے سوا کچھ نہیں۔ ملک کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتا ہوں، نیب کا سورج میرے عقوبت خانے میں چمک رہا ہے مجھے پرواہ نہیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا گیا اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے جس کا مطالبہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سامنے آیا تھا۔

واضح رہے نیب نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو آشیانہ اسکینڈل میں اختیارات سے تجاوز کے الزام میں گرفتار کررکھا ہے۔احتساب عدالت نے شہبازشریف کو مزید 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کررکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں