ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روک دیا

حمزہ شہباز کو غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز سے آف لوڈ کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 13:10

ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روک دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز غیرملکی ائیر لائن کی پرواز سے بیرون ملک روانہ ہو رہے تھے کہ ایف آئی اے نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ ایف آئی اے ذرائع نے حمزہ شہباز کو جہاز سے آف لوڈ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز غیر ملکی ائیر لائن قطر ائیرویز کی پرواز 620 سے دوحہ روانہ ہو رہے تھے کہ انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جہاز سے آف لوڈ کرنے کے بعد حمزہ شہباز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز پر نیب کیس ہے اور انہیں بیرون ملک جانے سے ممکنہ طور پر اسی لیے روکا گیا ہے کیونکہ ان پر نیب انکوائری چل رہی ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اورسلمان شہباز کے خلاف غیر قانونی پل اور 56 کمپنیوں سے مبینہ تعلق کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیب حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی بھی تحقیقات کررہا ہے ۔ حمزہ شہباز نے گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت بھی لے رکھی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں