صوبے میں کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے‘حافظ عمار یاسر

عوام سے رابطہ ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگا ،جائزکاموں میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دی جائیگی اتوار بازاروں میں سٹالز پر بچوں سے کام کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے‘صوبائی وزیر معدنیات کی چکوال سے آئے وفد سے گفتگو

بدھ 12 دسمبر 2018 13:07

صوبے میں کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے‘حافظ عمار یاسر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا ہے کہ عام آدمی کو مسائل سے نجات دلانا حکومت کا عزم ہے اور آپ کے مسائل حل کرنامنتخب نمائندوں کی ذمہ داری اور فرض ہے،عوام سے رابطہ ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگا اور ان کے جائزکاموں میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اپنے آفس میں چکوال سے آئے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سابق ادوارسے بہت بہتر ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے شب روز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کرپٹ مافیا کو اس کے انجام تک پہنچائیں گے۔ ہماری نیت صاف ہے اور توجہ کا مرکز عام آدمی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کو رول ماڈل بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میںہر مافیا کے خلاف لڑوں گا اور عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ میں نے اپنے اور عوام کے درمیان کسی کو حائل نہیں ہونے دیا۔ نیا پاکستان وزیراعظم عمران خان کا خواب ہے جس کی تعبیر کے لئے ہم جان لڑا دیں گے اور قوم کو مثبت اقدامات سے جلد تبدیلی نظر آئے گی۔ مسائل کے حل کیلئے ہم آپ کی ذاتی دلچسپی پر شکرگزار ہیں۔

حکومت نے اپنے دروازے عام آدمی کیلئے کھول دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعدد اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ اتوار بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ اتوار بازاروں میں سٹالز پر بچوں سے کام کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔چائلڈ لیبر کرانے والے کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

معصوم بچوں سے محنت مزدوری والے کام لینا خلاف قانون ہے۔انہوںنے کہا کہ بڑے سٹورز اشیائے ضروریہ ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق فروخت کرنے کے پابند ہوں گے۔بڑے سٹورز پر صارفین اشیائے ضروریہ ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق خرید سکیں گے اور اس اقدام سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ اشیاء ضروریہ کی ڈپٹی کمشنر کے نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنائیں۔

اتوار بازاروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اتوار بازاروں کے باہر پارکنگ کا خصوصی انتظا م مزید ید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزراء اپنے اپنے علاقوں میں اتوار بازاروں اور منڈیوں کے دورے کرکے عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ قیمتوں پر فراہمی کے عمل کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کی جگہ جیل ہے۔عوام کو کسی بھی صورت منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں