نواز شریف کو رہائی کی امید نظر آ گئی

سابق وزیراعظم نواز شریف دو پیشیوں کے بعد ضمانت پر رہا ہو جائیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 15 جنوری 2019 11:11

نواز شریف کو رہائی کی امید نظر آ گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2019ء) :معروف صحافی غلام حسین کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل نواز شریف سے جیل میں کچھ ایم این ایز اور سینیٹرز نے ملاقات کی۔جن میں ایک سینیٹر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم تھے،نواز شریف نے بار بار ان سے پوچھا کہ اب میرا کیا ہو گا۔تو انہوں نے کہا کہ آپکی دو پیشیوں کے بعد ضمانت ہو جائے گی۔لیکن یہ نہیں پتہ کہ نواز شریف کے اُس کیس کی بات ہو رہی تھی جس میں وہ قید تھے یا پھر العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کی بات تھی۔

چوہدری غلام حسین نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ مجھے جیسا کہا میں نے ویسے کیا اور خاموش رہا۔جس کے بعد ر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ آپ دو پیشیوں پر ضمانت پر رہا ہو جائیں گے۔تاہم ان کے ساتھ کوئی این آر او نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ صبح ایون فیلڈ ریفرنس کی سزا معطلی کے خلاف سپریم کورٹ میں نیب کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر سماعت ہوئی ۔

دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ضمانت ہائیکورٹ دے چکی ہے اب کس بنیاد پر ہم ضمانت منسوخ کریں؟چیف جسٹس نے نیب وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت منسوخ کے پیرامیٹر آپ جانتے ہیں؟ وہ کون سے پیرا میٹر ہیں جن پر ضمانت خارج ہو سکتی ہے؟ہائیکورٹ نے ضمانت دینے کا اختیار استعمال کیا۔ وکیل نیب نے عدالت میں دوران سماعت کہا کہ سزا معطلی یا ضمانت کی درخواست میں کیس کے میرٹ پر نہیں جایا جاتا۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کس بنیاد پر ضمانت منسوخ کریں؟ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ کیا نواز شریف کو رہا کر دیا گیا ہے؟ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ نیب کے راستے میں کیا مشکل ہے؟ ضمانت کا حکم عبوری ہے۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے نیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نوازاور کیپٹن صفدر کی ضمانت معطلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو خارج کر دیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں