صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس کی زیر صدارت کھلی کچری کا انعقاد

بدھ 16 جنوری 2019 18:27

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس کی زیر صدارت کھلی کچری کا انعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس کی زیر صدارت آج پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد ہوا۔ کھلی کچہری میں عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر مراد راس نے لوگوں کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔کھلی کچہری کے دوران لوگوں نے واسا، پولیس، سوئی گیس،پانی ،تعلیم،صحت اور صفائی سے متعلق شکایات پیش کیں۔

صوبائی وزیر مراد راس نے لوگوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی تکالیف کا ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ تحریک انصاف کا نیا پاکستان مسائل اور کرپشن سے پاک ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں تعلیم،صحت اور دیگربنیادی سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر ملیں گی ۔

صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف سماجی بھلائی اور انصاف پر مکمل یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا مقصد عوامی فلاح پر مبنی منظم نظام کا قیام ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ 100روزہ پلان کا مقصدانتہائی منظم اور فعال انداز میں عوامی فلاح کیلئے کام کرناہے۔

صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ ہم پنجاب کو فروغ تعلیم کے اعتبار سے ایک روشن اور بے مثال صوبہ بنائیںگے۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اکیسویں صدی کے ثمرات سے فیضیاب کرنے کیلئے شرح خواندگی کو سو فیصد تک لے جانا ہو گا۔ مراد راس نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا عزم ہے کہ بے وسیلہ طبقات تک ترقی کے ثمرات پہنچائے جائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کے افسران اپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے رکھیں اورعوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں