نواز شریف اور آصف زرداری سیاسی طور ختم ہو چکے ،ایک کے بعد دوسرا بھی جیل جانیوالا ہے ‘اعجاز احمد چوہدری

این آر او کے لئے دونوں پارلیمان کے اندر اور باہر سیاسی دبائوڈالنے کی کوششو ں میں مصروف ہیں مگر کوئی این آر او نہیں ہوگا

جمعرات 17 جنوری 2019 18:09

نواز شریف اور آصف زرداری سیاسی طور ختم ہو چکے ،ایک کے بعد دوسرا بھی جیل جانیوالا ہے ‘اعجاز احمد چوہدری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجازاحمد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری سیاسی طور ختم ہو چکے ہیں، این آر او کے لئے دونوں پارلیمان کے اندر اور باہر سیاسی دبائوڈالنے کی کوششو ں میں مصروف ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان این آر او پر یقین رکھنے والے انسان نہیں ہیں، کوئی این آر او نہیں ہوگا، ایک جیل چلا گیا جبکہ دوسرا بھی جیل میں جانے والا ہے۔

انہوںنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کرپٹ مافیا سے نہ تو خوف زدہ ہے اور نہ ہی بلیک میل ہوگی،ہمیں کوئی سیاسی چیلنجز درپیش نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے مستحکم سیاست کی بنیاد رکھ دی ہے، پہلے تو جعلی بجٹ آتے رہے ہیں 23جنوری کو نیا بجٹ سامنے لائیں گے اس بجٹ کو ہی حکومت کا اصل بجٹ کہا جائے گا، نئے منی بجٹ میں معاشی استحکام لائیں گے، عوام صبر کریں اور پاکستانی لیڈرشپ پر بھروسہ رکھیں حالات بہتر ہوں گے اور وزیر اعظم عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب، یو اے ای اور چائینہ کے بعد اب ملائشیا اوراب ترکی بھی پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کی مضبوطی کیلئے مختلف منصوبوں پر سرمایہ کاری کے معاہدے کرکے ملکی معیشت میں بہتری میں اپنا حصہ ڈالے گا، پاکستان اور ترکی کے تعلقات مثالی ہیں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی سمت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 3 ارب ڈالر کا پیکج معیشت کیلئے خوش آئند ہے حکومت کی کوششوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا برآمدات میں اضافی اور درآمدی بل میں کمی لائیں گے،حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی بہت جلد ملک کو بحرانوں سے نجات ملے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں