وزیراعظم عمران خان کل 2روزہ دورے پر قطر روانہ ہوں گے

وزیراعظم کا دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل، دورے میں ایل این جی کی قیمت میں کمی، ایک سال کیلئے ادھارایل این جی دینے، سرمایہ کاری اور پاکستانیوں کوایک لاکھ نوکریوں کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 جنوری 2019 19:19

وزیراعظم عمران خان کل 2روزہ دورے پر قطر روانہ ہوں گے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جنوری2019ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان کل 2روزہ دورے پر قطر روانہ ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کا دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دورے میں ایل این جی کی قیمت میں کمی، ایک سال کیلئے ادھارایل این جی دینے، سرمایہ کاری اور پاکستانیوں کوایک لاکھ نوکریوں کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل دو روزہ دورے پر قطر کیلئے روانہ ہوجائیں گے، وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیرخزانہ اسد عمر، مشیر وزیراعظم زلفی بخاری، اور معان خصوصی برائے تجارت عبدالرزاق داؤد شامل ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران قطر کے امیرتمیم بن حمادالتھانی،اور قطری وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا دورہ سرمایہ کاری اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قطری قیادت سے ملاقاتوں میں ایل این جی کی قیمت میں کمی پر بات کریں گے۔

اسی طرح پاکستان کوایل این جی ایک سال تک ادھار دینے پر بھی بات ہوگی۔پاکستان کا ایل این جی کی مدد میں امپورٹ بل 4ارب ڈالر ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری پر بھی بات کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ قطر گوادر میں فروزن فروٹ کیلئے اسٹوریج یونٹ قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرچکا ہے۔وزیراعظم کے دورہ قطر میں ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں مالی خسارے کو پورا کرنے مالی امداد، برآمدات میں اضافے کیلئے سرمایہ کاری لانے سمیت دیگر معاہدوں کے لیے دوست ممالک جن میں چین ، ترکی، سعودی عرب ، یواے ای ، ملائشیاء کے دورے کرچکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں