جہانگیر ترین پنجاب کی سیاست میں ایک مرتبہ پھر سے متحرک

لاہور میں کابینہ میں شامل وزراء کی جہانگیر ترین سے ملاقات،محکموں کی کارگردگی سے متعلق آگاہ کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اپریل 2019 11:02

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما جہانگیر ترین پنجاب کی سیاست میں ایک مرتبہ پھر سے متحرک ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین پنجاب کی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر سے متحرک ہو گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں کابینہ میں شامل وزراء نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ۔

اس ملاقات میں وزرا نے اپنے محکموں کی کارگردگی سے متعلق جہانگیر ترین کو آگاہ کیا۔ جب جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب کے بیان کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے سوال کے جواب میں مسکراتے ہوئے کہا کہ اس پر صرف ہنس ہی سکتا ہوں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ سے نا اہلی کے باوجود جہانگیر ترین کی حکومت میں کئی خدمات ہیں۔ جہانگیر ترین کئی حکومتی اجلاسوں میں بھی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شرکت کرتے اور اپنی تجاویز پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حال ہی میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے رفیق خاص جہانگیر ترین کو اہم ذمہ داری سونپی۔وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی امور پر پانچ ماہرین پر مبنی ایک بورڈ تشکیل دیا جس کا کنوینئیر جہانگیر ترین کو تعینات کردیا۔ بورڈ میں شبر زیدی، سلیم رضا، شوکت ترین ، صادق سعید اور شیر اعظم کو بھی شامل کیا گیا ۔ جہانگیر ترین کے سرکاری اجلاسوں میں شرکت پر کئی مرتبہ حکومتی نمائندوں کی جانب سے بھی اعتراضات اُٹھائے گئے لیکن وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کا دفاع کیا اور ہر مرتبہ یہی کہا کہ جہانگیر ترین میرے کہنے پر اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مابین اختلافات کی وجہ سے حکومتی جماعت کو نقصان بھی اُٹھانا پڑا تھا۔ جس کی وجہ سے پارٹی کارکنان بھی سخت پریشان ہو گئے تھے تاہم وزیراعظم عمران خان کی مداخلت کے بعد معاملہ ٹھنڈا ہو گیا تھا۔جس کے بعد اب جہانگیر ترین ایک مرتبہ پھر سے پنجاب کی سیاست میں متحرک ہو رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں