صاف سُتھری سیاست کریں اور خود کو غلط کاموں میں نہ اُلجھائیں

شفاف سیاست کرنے سے ہی کامیابی حاصل ہو گی۔ سابق صدر ممنون حسین کی شریف برادران کے بچوں کو نصیحت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 ستمبر 2019 14:22

صاف سُتھری سیاست کریں اور خود کو غلط کاموں میں نہ اُلجھائیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 ستمبر 2019ء) : سابق صدر ممنون حسین نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ نواز شریف کا سیاسی کیرئیر ختم نہیں ہوا۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی وہ غلطی پر ہیں۔ انٹرویو کےدوران صدر مملکت ہونے اور عام آدمی کی طرح زندگی گزارنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میں پہلے ایک عام آدمی تھا جس کے بعد میں صدر منتخب ہوا، اب پھر میں عام آدمی ہوں۔

لہٰذا مجھے کوئی خاص فرق محسوس نہیں ہوتا۔ وہ جو عہدہ تھا ، جب تک اُس پر تھے اُس کے اپنے تقاضے اور اپنے پروٹوکول تھے۔ ایک عام آدمی کی حیثیت سے مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج بھی نواز شریف کو سپورٹ کرتا ہوں۔ میں اُن کو کل بھی اپنا لیڈر سمجھتا تھا ، آج بھی اپنا لیڈر سمجھتا ہوں۔

(جاری ہے)

میں آج بھی اُسی طرح نواز شریف کے ساتھ ہوں اور اُن کی حمایت کرتا ہوں جیسے پہلےکرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے بچوں کو میری نصیحت یہ ہے کہ صاف سُتھرے طریقے سے اپنی سیاست کریں اور خود کو کسی قسم کے غلط کاموں میں نہ اُلجھائیں ، انشاء اللہ وہ کامیاب ہوں گے۔ کیونکہ حق اپنے آپ کو منوا کر رہا ہوں، بے ایمانی کرنے والوں کے لیے ایک وقت ایسا آتا ہے کہ وہ کامیابی نہیں رہتی ۔ میری تمام سیاستدانوں کو یہی نصیحت ہے کہ اُن کے پاس جو کچھ ہے وہ اُس پر اللہ کا شکر ادا کریں۔

اور بے ایمانی کی طرف دھیان نہ دیں ، اس بات کا خیال رکھیں کہ پاکستان کی عوام کی ذمہ داری اُن پر ہے لہٰذا اُن کو ایماندری سے چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کو کیا نصیحت کروں گا، میں اُلٹا اُن سے نصیحت لیتا ہوں۔ وہ بہت سمجھدار آدمی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے اُن کو خوبیوں سے نوازا ہے۔ وہ خوف خدا رکھتے ہیں، خدا ترس ہیں ، اپنے عزیزوں کا خیال رکھتے ہیں، سمجھداری سے اپنے معاملات کو لے کر آگے چلتے ہیں۔

شہباز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے آپ کو منوایا ہے۔ چین میں لوگ جو کام جلدی کرنا چاہیں وہ اُس کو شہباز اسپیڈ کہتے ہیں ۔ شہباز شریف کام کے معاملے میں ایک جِن آدمی ہیں ۔ انہوں نے پنجاب میں بڑے کام کیے۔ مریم نواز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق صدر ممنون حسین نے کہا کہ ابھی ان کے سیاسی کیرئیر کا آغاز ہے۔ مستقبل میں معلوم ہو گا کہ وہ کتنی کامیاب سیاست کرتی ہیں، اب تک تو سیاست میں وہ کامیاب ہی ہیں۔

حسن اور حسین کے واپس آ کر مقدمات کا سامنا کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حسن اور حسین نواز سیاست میں نہیں کاروبار میں ہیں۔ وہ دونوں باہر کاروبار کرتے ہیں۔ موجودہ سیاسی حالات سے متعلق ممنون حسین نے کہا کہ سیاسی ماحول ٹھیک نہیں ہے ، میری اللہ سے دعا ہے کہ اس ماحول کو ٹھیک کردے ۔ پاکستان معاشی اعتبار سے پیچھے چلا گیا ہے۔ میری اللہ سے دعا ہے کہ وہ لوگوں کو اچھا کام کرنے کی ہدایت دے ، ابھی تک موجودہ حکومت نے کوئی ایسا کام نہیں کیا کہ اُس کی تعریف کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تک رپورٹ ہونے والے کرپشن کیسز میں سے متعدد محض الزامات ہیں۔ سابق صدر ممنون حسین نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں