وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام " سے ابتدائی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوان مستفید ہوں گے،

پروگرام وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں کیلئے وژن کا عکاس ہے اور عوام سے روزگار کے وعدے کی تکمیل کی طرف اہم قدم ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا ایکسپو سنٹر میں ٹیوٹاکانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 14 دسمبر 2019 17:47

وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام " سے ابتدائی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوان مستفید ہوں گے،
لاہور۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ"وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام " سے ابتدائی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوان مستفید ہوں گے‘’’ہنر مند نو جوان پروگرام‘‘ وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں کے لئے وژن کا عکاس ہے‘’’ہنر مند نو جوان پروگرام‘‘ عوام سے روزگار کے وعدے کی تکمیل کی طرف اہم قدم ہے‘ وزیر اعظم عمران خان کے اخلاص سے پی ٹی آئی حکومت روزگار کے وعدے پورے کرے گی‘ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

وہ ہفتہ کے روز ایکسپو سنٹر میں ٹیوٹاکانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔صوبائی وزرا ء ہاشم جواں بخت،میاں اسلم اقبال،چیئرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق،تحریک انصاف کے رہنما اعجازچودھری، سیکرٹری صنعت،سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے صو بہ میں ہنر مند نوجوان پروگرام کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔

سردارعثمان بزدار نے کہا"وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام " سے ابتدائی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوان مستفید ہوں گے، روزگار کی فراہمی کے قومی ہدف کا تقریباً60 فیصد پنجاب گروتھ سڑٹیجی 2023 کے تحت پورا کیا جائے گا، عالمی سطح پر بہتر معاشی اشاریوں کی ریٹنگ طے کرنے والے اداروں نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹرکا جوائن کرنا حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کی دلیل ہے ،پبلک سیکٹر میں شفافیت اور میرٹ نہ ہونے سے ماضی میں نجی شعبے سے اشتراک نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ دوست ملک چین کے اشتراک سے پاکستان چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبے تیزی سے تکمیل کی طرف بڑ ھ رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ 9سیکٹرز میں پنجاب کے 11 سے زائد منصوبے سی پیک میں شامل ہیں۔ سی پیک کے تناظر میں " وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام" بے حد اہمیت کا حامل ہے، سی پیک کے لئے پنجاب میں ہنر مند وں کی ضرورت کو ہنر مند نو جوان پروگرام کے ذریعے ہی پورا کیا جا سکے گا، پنجاب کے نوجوان خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، اللہ تعالیٰ نے اس سر زمین کو محنتی، ذہین اور کچھ کر گزرنے کے جذبے سے سرشار نوجوانوں سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرزمین پنجاب کے ان ہیروں کو تراشنے کے لئے ’’ہنر مندنوجوان پروگرام‘‘لارہے ہیں، ہنر مند نوجوان کسی بھی ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں، ریاست کی تعمیر و تشکیل میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ٹیوٹا کی افادیت گزرتے وقت کیساتھ مزید بڑھتی جائے گی،ہمیں تیز رفتاری سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے چیلنجز کا سامناکرناہوگا، ماضی میں ٹیوٹا کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے توجہ نہیں دی گئی، ٹیوٹا جدید ٹیکنالوجی اور وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ نئے ہنر نوجوانوں کو منتقل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب ترقی کے اس مشن کے لئے درکار وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، ہنرمند نوجوان پروگرام " رسمی پراجیکٹ نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی معاشی قسمت بدلنے والا گیم چینجر منصوبہ ہے، پاکستان تحریک انصاف حکومت خواتین کی خودمختاری پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ خواتین کے لئے معاشی مواقع پیدا کرنے کے لئے کمربستہ ہے، ٹیوٹا میں خاص طورپرخواتین کے لئے متعدد کورسز آفر کئے جارہے ہیں، یوتھ ایمپاورمنٹ ہمارے لیڈ رکا وژن ہے، پنجاب معاشی ہدف کو پورا کرنے کے لئے پوری طرح یکسو اور پر عزم ہے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت ہوگی تو ملکی و غیر ملکی اداروں میں روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے، ملکی پیدا وار اور ایکسپورٹ بڑھے گی جبکہ ملک میں قیمتی زر مبادلہ آئے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب میں 4ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔پنجاب تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی لاہوراورپنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی رسول میں جدید ٹیکنیکل ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور ڈیرہ غازی خان میں میرچاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی قائم کریں گے، ٹیوٹا کے زیراہتمام اداروں میں نوجوانوں کو بی ایس پروگرام آفر کئے جارہے ہیں، ٹیوٹا کے زیر انتظام ٹیکنیکل اداروں کے نصاب کو دورجدید کی ضروریات کے مطابق ازسرنو تشکیل دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ٹیوٹا کے ٹیکنیکل اداروں میں سٹاف کے لئے بھی ٹیکنیکل ٹریننگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

150سے زائدٹریڈز کے لئے ایک لاکھ سے زائد مرد وخواتین کو ٹریننگ دی جاتی ہے، ٹیوٹا کو جدید خطوط پر استو ار کرنے کے لئے ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، ٹیوٹا کو جدید دور کے تقاضو ں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کی گئی ہے، پنجاب کا نوجوان آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معاشی خودمختاری سے روشناس کرانے پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ میںچیئرمین ٹیوٹا، چیف ایگزیکٹو آفیسر اوران کی ٹیم کی محنت کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، اس کے سا تھ ساتھ ڈونرز اورنجی صنعتی اداروں کی خدمات کا بھی شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں