ایاز صادق بھارتی پائلٹ سے متعلق متنازع بیان دے کر بڑی مشکل میں پھنس گئے

سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے لاہور پولیس میں درخواست دائر

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 30 اکتوبر 2020 16:12

ایاز صادق بھارتی پائلٹ سے متعلق متنازع بیان دے کر بڑی مشکل میں پھنس گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر2020ء) مسلم لیگ ن کے ایم این اے اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف ایک شہری نے غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے لاہور پولیس کو درخواست دے دی۔جیل روڈ کے رہائشی فرقان احمد نے قومی سلامتی سے متعلق بیان پر تھانہ سول لائنز میں درخواست دی ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 29 اکتوبر کی شام 7 بجے ایک ٹی وی پروگرام میں ایازصادق بھارتی فوج کے حق میں بول رہے تھے ۔

وہ پاک فوج اور آرمی چیف کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے تھے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایاز صادق ایک بھارتی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے تھے اور پاکستان کی سلامتی اور عزت پر کھلم کھلا حملہ کر رہے تھے جو غداری کے زمرے میں آتا ہے۔شہری نے پولیس کو درخواست میں استدعا کی کہ ایاز صادق کے خلاف غدارئ کا مقدمہ درج کیا جائے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں حکومت بھی ایاز صادق کے خلاف کاروائی کا عندیہ دے چکی ہے۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے۔اس کی سزا ایاز صادق اور ان کے حواریوں کو ضرور ملنی چاہیے۔ سابق سپیکر کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے اب قانون اپنا راستہ لے گا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے بھی سابق اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کے بھارتی پائلٹ سے متعلق دیے گئے متنازعہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کی قیادت سے معافی کا مطالبہ کرے۔ایاز صادق کا بیان سچا ہو ہی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی بھارت سے خوفزدہ نہیں ہوا ۔ہمیشہ بھارت ہی پاکستان سے خوفزدہ ہوا ہے۔نبیل گبول نے کہا کہ ن لیگ کو ایاز صادق کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں