تیز بارش میں بیٹی کو فٹ پاتھ پر آن لائن کلاس دلواتا والد سوشل میڈیا پر مقبول

تیز بارش کے باوجود لڑکی گھر سے باہر آن لائن کلاس لینے پر مجبور

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 22 جون 2021 07:07

تیز بارش میں بیٹی کو فٹ پاتھ پر آن لائن کلاس دلواتا والد سوشل میڈیا پر مقبول
کرناٹکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جون 2021ء )  بھارتی ریاسٹ کرناٹکا میں تیز بارش کے دوران فٹ پاتھ پر آن لائن کلاس لیتی بیٹی والد کے ہمراہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔وائرل تصویر میں بچی کو فٹ پاتھ پر آن لائن کلاس لیتے جب کہ والد نریانا کو بچی پر چھتری لگائے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔بالاکا گاؤں سے تعلق رکھنے والی طالبہ کا کہنا ہے کہ اسے گاؤں میں بہتر انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں لہٰذا اچھے نیٹ ورک کے حصول کے لیے گاؤں کے باہر جانا پڑتا ہے۔

زیر نظر تصویر میں موجود لڑکی بہتر انٹرنیٹ سہولت میسر نہ ہونے کے سبب تیز بارش کے باوجود بھی گھر سے باہر آن لائن کلاس لینے پر مجبور ہے۔مذکورہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک اور طالبعلم کا بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ میں بی اے کا طالبعلم ہوں، ہمارے گاؤں میں انٹرنیٹ کنکشن نہیں اور بغیر انٹرنیٹ آن لائن کلاسز لینا خاصا دشوار کن ہے، کورونا وبا کے دوران ہم 30 سے 40 طالب علم گاؤں سے باہر جاکر آن لائن کلاس لیتے ہیں، مون سون کے آغاز کے باوجود ہم طالب علم 9سے 1 بجے تک آن لائن کلاس لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران جب کالجز اور یونیورسٹیاں بند کر دی گئیں تبھی آن لان ایجوکیشن نے زور پکڑااور اس کے نتیجے میں موبائل فونز اور انٹرنیٹ کی اہمیت بڑھ گئی۔دور دراز کے علاقے میں رہنے والے طالبعلموں کو بھی انٹرنیٹ کی ضرورت پڑتی تاکہ آن لائن کلاسز سے استفادہ کر سکیں۔پاکستان میں بھی بلوچستان،سندھ اور پنجاب کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو انٹر نیٹ کے حوالے سے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

محسوس یہی ہوتا ہے کہ اب لاک ڈاؤن کھل جانے کے بعد بھی اکثر تعلیمی ادارے خاص طور پر پرائیویٹ تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم کے رجحان کو پروموٹ کریں گے کیونکہ اس کے ذریعے طلبا کو کلاسز لینے کے لیے تعلیمی اداروں میں نہیں آنا پڑتا خاص طور پر ہاسٹلز میں رہنے والے طلبہ کے لیے آن لائن کلاسز کسی نعمت سے کم نہیں۔مگر یہ آنے والا وقت بتائے گا کہ آن لائن کلاسز جاری رہ سکتی ہیں یانہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں