افغانستان سے متعلق فیصلوں کا پوری دنیا پر اثر ہوگا،ہمیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے

افغانستان سے متعلق آج جو فیصلہ کریں گے اس کے نتائج 30 برسوں تک بھگتیں گے، بلاول بھٹو زرداری

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 25 جون 2021 08:48

افغانستان سے متعلق فیصلوں کا پوری دنیا پر اثر ہوگا،ہمیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جون 2021ء )  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اڈے دینے سے متعلق فیصلہ حکومت کا ہے، اڈے دینے کے معاملہ پر عمران خان کے بیان پر یقین نہیں رکھتے۔ افغانستان سے متعلق فیصلوں کا پوری دنیا پر اثر ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص کے لئے چور دروازے سے رات کے اندھیرے میں آرڈیننس تیار کیا گیا، اس شخص نے آرڈیننس کا فائدہ ہی نہیں لیا، اب حکو مت وہ بل پارلیمان میں لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس بل کی مخالفت میں ووٹ دے گی، کلبھوشن یادیو سے متعلق بل پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا، کلبھوشن یادیو کے معاملے میں سہولت کار نہیں بنیں گے، کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو عمران خان خود دے دیں۔

(جاری ہے)

پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ افغان مسئلہ پر ہم نے بہت سبق سیکھے ہیں، افغانستان سے متعلق فیصلوں کا پوری دنیا پر اثر ہوگا، افغانستان سے متعلق آج جو فیصلہ کریں گے اس کے نتائج 30 برسوں تک بھگتیں گے، ہمسایہ ملک سے متعلق کیا ڈیل ہوئی ہے پارلیمان کو آگاہ کیا جائے بلاول بھٹو نے کہا کہ اڈے دینے سے متعلق فیصلہ حکومت کا ہے، اڈے دینے کے معاملہ پر عمران خان کے بیان پر یقین نہیں رکھتے، تشویش ہے کہ عمران خان معاملے پر بھی یوٹرن نہ لے لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے سپیکر خورشید شاہ کے پروڈکشن آڈر جاری کریں گے،اسپیکر سب کو بجٹ پر بات کرنے کا موقع دے کر بجٹ کو غیر قانونی ہونے سے بچائیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت کلبھوشن یادیو کے حوالے سے بل لا رہی ہے اور پیپلز پارٹی اس کی مخالفت کرتی ہے حکومت کو کسی کے لیے سہولت کار نہیں بنا چاہیے ہم کلبھوشن کے معاملے میں کسی قسم کی سہولت کاری ادا کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں