پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنی بحالی کے لیے پہلے سے زیادہ پُر اُمید ہو گئی

آصف زرداری نے بھی پنجاب میں پوری قوت کے ساتھ بلدیاتی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 8 دسمبر 2021 10:15

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنی بحالی کے لیے پہلے سے زیادہ پُر اُمید ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2021ء) : لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب کے بعد سے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے کانفیڈنس میں بے حد اضافہ ہوا جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے پنجاب میں اپنی بحالی کی اُمید بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے اور اُمید سے زیادہ ووٹ ملنے کے بعد سے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنی بحالی کے لیے پہلے سے زیادہ پُر اُمید دکھائی دے رہی ہے۔

لیکن قابل غور بات یہ ہے کہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں حکومتی جماعت پی ٹی آئی، ٹی ایل پی اور جماعت اسلامی نے حصہ نہیں لیا تھا، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، پیپلز پارٹی کو اُمید سے زیادہ ووٹ ملنے کی یہ وجہ بھی ہو سکتی ہے کہ کئی بڑی جماعتیں اس ضمنی انتخاب کا حصہ نہیں تھیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ کچھ سالوں کے مقابلے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو خلاف توقع بھی قرار دیا گیا۔

تاہم اس بہتر کارکردگی کی وجہ سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت خوش ہے اور آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب کے دارالخلافہ میں نیا جنم لیا ہے۔ لیکن یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ کارکردگی پنجاب میں پیپلزپارٹی کی بحالی کا پیش خیمہ ہوگی جہاں یہ 70 کی دہائی کی مقبول ترین جماعت تھی ، جب کہ 90 کی دہائی میں بھی اس کی کارکردگی اچھی رہی تھی؟ ایسا صرف اسی صورت میں ہی ممکن ہو سکے گا جب کوئی لہر ان کے سخت حریفوں کو پچھاڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی کو آرام دہ الیکٹورل زون میں ڈال دے۔

دوسری جانب آصف زرداری نے پنجاب میں پوری قوت کے ساتھ بلدیاتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، 1979ء کی طرح لاہورکے بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کریں گے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پوری قوت سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے اور لاہور سمیت پورے پنجاب میں پارٹی کو مضبوط کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں